Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

اولاد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے (بیٹوں کا تعارف)

  جعفر صادق

اولاد رسول اللہﷺ کے (بیٹوں کا تعارف)

مؤرخین اور محدثین کا اس پر اتفاق ہے کہ آپﷺ کی چار بیٹیاں تھیں۔ بیٹوں کی تعداد میں البتہ اختلاف ہے۔ جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ سب بچپن ہی میں انتقال فرما گئی تھیں۔ اکثر کی تحقیق یہ ہے کہ تین لڑکے تھے حضرت قاسم، حضرت عبداللہ، حضرت ابراہیم بعضوں نے کہا چوتھے صاحبزادے حضرت طیب اور پانچویں حضرت طاہر تھے۔ بعض کہتے ہیں طیب اور طاہر ایک ہی صاحبزادے کے نام ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ ہی کا نام طیب اور طاہر تھا اس طرح تین ہوئے لیکن اکثر کی تحقیق تین بیٹوں کی ہے ۔

حضورﷺ کی ساری اولاد حضرت ابرہیم کے سوا سیدہ خدیجہؓ سے پیدا ہوئی۔

تعارف اولادِ رسول اللہﷺ

 حضرت قاسمؓ

حضور اکرمﷺ کی اولاد میں پہلے حضرت قاسم پیدا ہوئے جو سیدہ خدیجہ الکبریٰؓ کے بطن سے پیدا ہوئے اور بعثتِ نبوت سے پہلے ہی انتقال فرما گئے۔ دو سال کی عمر پائی انہیں کے نام سے حضور اکرمﷺ کی کنیت ابو القاسم مشہور ہوئی۔ مکہ میں ولادت ہوئی اور وہیں انتقال ہوا۔ (زرقانی جلد، 3 صفحہ، 24)

حضرت عبداللہؓ

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک صاحبزادہ کا نام حضرت عبداللہؓ ہے اور حضرت قاسم کی طرح ان کی والدہ کا نام بھی سیدہ خدیجہ الکبریٰؓ ہے۔ حضرت عبداللہ اعلانِ نبوت کے بعد پیدا ہوئے اور ایک سال چھ ماہ آٹھ دن زندہ رہے اور طائف میں وفات پائی۔

حضرت ابراہیمؓ

حضرت ابراہیمؓ حضورﷺ کی آخری اولاد ہیں جو سیدہ ماریہ قبطیہؓ کے بطن سے پیدا ہوئے ۔یہ 8 ہجری کا واقعہ ہے حضرت ابو رافع نے حاضر ہو کر ولادت کی خوشخبری دی اس بشارت پر حضورﷺ نے ابو رافع کو ایک غلام عنایت فرمایا ۔ ساتویں روز اس شہزادۂ رسول کا عقیقہ کیا ۔ دو مینڈھے ذبح کرائے سر منڈایا بالوں کے برابر چاندی صدقہ کی، بال زمین میں دفن کیئے۔ ابراہیم نام رکھا ۔ تقریباً سولہ ماہ زندہ رہ کر 10 ہجری میں انتقال فرمایا۔ (بنات اربعہ بحوالہ زادالمعادلابن قیم)