Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

گورنران ریاست کی تقرری کا فاروقی معیار اور اس کی لازمی شرائط

  علی محمد الصلابی

قوت و طاقت اور امانت داری

سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اس اصول کو عملاً نافذ کیا اور قوی فرد کے مقابلے میں اقویٰ قوی ترین فرد کو ترجیح دی۔ چنانچہ آپؓ نے جب شرحبیل بن حسنہؓ کو معزول کر کے ان کی جگہ حضرت معاویہؓ کو گورنر مقرر کیا تو حضرت شرحبیلؓ نے آپؓ سے دریافت کیا کہ: اے امیر المؤمنین! کیا آپؓ نے ناراض ہو کر مجھے معزول کیا ہے؟ تو آپؓ نے جواب دیا: نہیں، بلکہ میں جس طرح چاہتا تھا تم اسی طرح ہو، لیکن میں اس منصب کے لیے قوی ترین آدمی کو چاہتا ہوں۔ 

(تاریخ الطبری: جلد 5 صفحہ 39) 

اس سلسلے میں آپؓ کی زبان مبارک سے نکلی ہوئی کیا ہی بہترین بات ہے: ’’اے اللہ! تجھ سے میری التجا ہے کہ فاجر کو قوت نہ دے اور امانت دار وثقہ آدمی کو عجز کمزوری نہ دے۔‘‘

(الفتاوٰی: جلد 28 صفحہ 42)