Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

معزولی کے بعد ان کی عزت و احترام

  علی محمد الصلابی

 عوام پر گورنروں کا ایک حق یہ ہے کہ عہدہ سے معزولی کے بعد بھی وہ ان کا ادب و احترام کریں۔ چنانچہ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے جب ’’اردن‘‘ کی گورنری سے حضرت شرحبیل بن حسنہ رضی اللہ عنہ کو معزول کیا تو ان کی معزولی کی وجہ بھی بتا دی اور خود جب حضرت شرحبیلؓ نے پوچھا کہ اے امیر المؤمنین! کیا آپؓ نے ناراضی کی بنا پر مجھے معزول کیا ہے؟ تو آپؓ نے فرمایا: نہیں، بلکہ میں جس طرح چاہتا ہوں تم اسی طرح ہو، لیکن اس منصب کے لیے تم سے زیادہ طاقتور آدمی مجھے مطلوب ہے۔

(تاریخ الطبری: جلد 5 صفحہ 39) اسی طرح سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو کوفہ کی گورنری سے معزول کر دیا اور آپؓ نے مناسب سمجھا کہ آپؓ کی نماز میں عیب لگانے والوں سے دور رکھنے میں ہی آپ کا احترام ہے۔ حالانکہ حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طریقہ نماز کا مکمل علم تھا اور مکمل نماز نبویﷺ کی طرح لوگوں کی امامت کرتے تھے۔ بہرحال آپؓ نے احتراماً حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کو نماز کی امامت کرنے سے منع کر دیا کہ مبادا آپؓ جاہلوں کی زبان درازی اور گستاخی کے شکار ہو جائیں۔

(الولایۃ علی البلدان: جلد 2 صفحہ 59)