Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

اسلامی شہروں میں فوجی گھوڑوں کی مدد بھیجنا

  علی محمد الصلابی

 اسلامی شہروں میں ان کی ضرورت کے مطابق جہاد کے لیے گھوڑوں کی فراہمی کے لیے سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی پوری سلطنت میں ایک عام سیاست تھی، اسی سیاست کے پیش نظر آپؓ نے کچھ لوگوں کو بصرہ کی کچھ زمین اس مقصد سے دی تھی تاکہ اس میں حکومتی گھوڑے تیار کر کے ان کی پرورش کریں اور انہیں جنگی تربیت دیں۔

(الولایۃ علی البلدان: جلد 2 صفحہ 74) اسی طرح دمشق میں بھی کچھ زمین بعض مسلمانوں کو اسی مقصد کے لیے دی تھی کہ وہ اس میں حکومتی گھوڑوں کی پیداوار بڑھائیں گے اور ان پر توجہ دیں گے لیکن انہوں نے اس میں کاشتکاری شروع کر دی تو آپؓ نے ان سے زمین چھین لی اور حکومتی مقصد کی خلاف ورزی کے جرم میں ان پر جرمانہ عائد کیا۔

آپؓ اسی مقصد سے کوفہ میں چار ہزار 4000 گھوڑوں کی پرورش کر رہے تھے اور باشندگان کوفہ کے چند لوگوں کو معاون بنا کر حضرت سلمان بن ربیعہ الباہلی رضی اللہ عنہ کو ان کا نگران مقرر کر دیا تھا۔ وہ سب لوگ سابقہ روایات کے مطابق انہیں تیار کرتے اور ہر سال انہیں ضرورت کے مطابق کام میں لاتے۔ بصرہ میں بھی اتنے ہی گھوڑے اسی مقصد سے تیار کیے جا رہے تھے۔ صرف یہی نہیں بلکہ آٹھ بڑے شہروں میں سے ہر شہر میں تقریباً مذکورہ تعداد میں گھوڑوں کی پرورش و پرداخت ہو رہی تھی۔

(الولایۃ علی البلدان: جلد 2 صفحہ 74) یہ گھوڑے اسلامی سلطنت کی طرف سے فوری دفاعی ضرورت کے مقصد سے تیار کیے جاتے تھے۔

(الولایۃ علی البلدان: جلد 2 صفحہ 74)