ثبوت ہبہ کے لئے غیر مسلم کی شہادت
ثبوت ہبہ کے لئے غیر مسلم کی شہادت
سوال: بھائیوں کا ایک مکان ہے، باپ کے وصال ہونے کے بعد ایک بھائی یہ دعویٰ کرتا ہے کہ باپ نے صرف مجھ تنہا پر ہی پورا مکان ہبہ کر دیا ہے اور اس پر غیر مسلم گواہ بھی پیش کر رہا ہے لیکن لکھی طور پر کوئی چیز نہیں ہے، صرف زبانی یہ کہہ رہا ہے، اور اسی بنا پر یہی بھائی پورے مکان پر قبضہ جمائے رکھا ہے، باقی بھائیوں کو حق مانگنے پر دینے سے انکار کرتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ تو مجھے تنہا پر ہبہ کیا ہوا ہے۔ اب مسئلہ زیر طلب یہ ہے کہ اس سلسلہ میں دونوں غیر مسلم گواہ معتبر ہیں یا نہیں؟
جواب: صورتِ مسئولہ میں ہبہ کے مدعی بھائی کا دعوائے ہبہ، دو غیر مسلم کی شہادت سے ثابت نہیں ہو گا۔ لقوله تعالىٰ وَلَنۡ يَّجۡعَلَ اللّٰهُ لِلۡكٰفِرِيۡنَ عَلَى الۡمُؤۡمِنِيۡنَ سَبِيۡلًا ۞ (سورۃ النساء، آیت نمبر 141)
(محمود الفتاوىٰ جلد 7، صفحہ 360)