Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

سیدہ عائشہؓ کا سیدنا امیر معاویہؓ کے لیے بددُعا کرنا

  محمد ذوالقرنين

سیدہ عائشہؓ کا سیدنا امیر معاویہؓ کے لیے بددُعا کرنا

اکثر شیعہ ایک اعتراض کرتے ہیں کہ سیدنا امیر معاویہؓ نے سیدہ عائشہؓ کے بھائی محمد بن ابی بکر کو قتل کروایا تو سیدہ عائشہؓ نے سیدنا امیر معاویہؓ اور سیدنا عمرو بن العاصؓ پر نماز میں بددُعا کرنا شروع کر دیا اس اعتراض پر پیش کی جانے والی روایت ملاحظہ فرمائیں۔

سند:

قال ابو مخنف حدثنی محمد بن يوسف بن ثابت الانصارى عن شيخ من اهل المدينه قال۔

متن: محمد بن یوسف کہتا ہے کہ اہلِ مدینہ میں سے میرے ایک شیخ نے مجھے روایت بیان کی (طویل روایت ہے جس میں ہے) کہ سیدنا امیر معاویہؓ نے محمد بن ابی بکر کو قتل کروا کر ان کی لاش کو گدھے پر لاد دیا پھر ان کی لاش کو آگ لگوادی سیدہ عائشہؓ کو جب اس واقعہ کا علم ہوا تو وہ بہت افسردہ ہوئیں اور انہوں نے ہر نماز میں سیدنا امیر معاویہؓ اور سیدنا عمروؓ کے لیے بددُعا کرنا شروع کر دی اور انہوں نے محمد بن ابی بکر کی اولاد کو اپنے پاس رکھ لیا قاسم بن محمد بن ابی بکر کی پرورش انہوں نے ہی کی۔

(تاریخِ طبری (عربی) جلد 5 صحفہ 102 105)

اسناد کا تعاقب: اس روایت میں دو علتیں ہیں۔

پہلی علت: اس روایت کا راوی ابومخنف لوط بن یحییٰ کذاب اور متروک الحدیث ہے اس کا ترجمہ گزر چکا۔

(دیکھیں باب سیدنا امیر معاویہؓ کا سیدنا علیؓ پر لعنت کروانا تیسری سند کا تعاقب)

 دوسری علت: اس روایت کو بیان کرنے والا محمد بن یوسف کا شیخ مجہول ہے یہ کون ہے؟ ثقہ ہے یا نہیں؟ اس نے سیدنا امیر معاویہؓ کا زمانہ پایا یا نہیں؟ اس سب کے معلوم کیے بغیر اس کی روایت کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔

اس سب سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ روایت موضوع ہے اس لئے اس سے استدلال جائز ہیں۔

سیدہ عائشہؓ کی سیدنا امیر معاویہؓ کے حق میں دعا:

اس روایت کے برعکس سیدہ عائشہؓ جب سے سیدنا امیر معاویہؓ کے لئے دُعا کرنا ثابت ہے اور وہ کیا دعا تھی ملاحظہ فرمائیں۔

سیدہ عائشہؓ فرماتی ہیں میں نے فتنے کے دور میں لوگوں کا جو معاملہ دیکھا اس میں ہمیشہ سے میری تمنا رہی کہ اللہ میری عمر بھی سیدنا معاویہؓ کو لگا دے۔

(كتابُ الطبقات لابی عروبة (عربی) صحفہ 41)۔

(یہ روایت مع سند پہلے بیان کی جاچکی ہے دیکھیں باب سیدہ عائشہؓ کا امارت سیدنا معاویہؓ کو فرعون کی حکومت سے تشبیہ دینا)۔

اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ سیدہ عائشہؓ سیدنا امیر معاویہؓ کی لمبی زندگی کی دعا کیا کرتی تھیں نہ کہ کوئی بددُعا۔