Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

نصر بن مزاحم اور اس کی کتاب وقعة صفین کی حقیقت

  محمد ذوالقرنين

نصر بن مزاحم اور اس کی کتاب وقعة صفین کی حقیقت

شیعہ کی طرف سے سیدنا امیر معاویہؓ اور دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے خلاف اکثر روایات نصر بن مزاحمکی کتاب وقعة صفین سے پیش کی جاتی ہیں اور شیعہ ہمیشہ سے نصر بن مزاحم کو سُنی عالم کے طور پر پیش کرتے ہیں اور عام عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

لیکن نصر بن مزاحم منقری کوفی خود رافضی شیعہ کذاب اور متروک تھا اور اس نے اپنی اس کتاب میں سیدنا امیر معاویہؓ کے خلاف روایات گھڑی ہیں اس کذاب کا تفصیلی ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔

امام ذہبیؓ اس کے ترجمہ میں فرماتے ہیں:

یہ انتہا پسند شیعہ تھا محدثین نے اسے متروک قرار دیا ہے عقیلی کہتے ہیں یہ شیعہ تھا اس کی حدیث میں اضطراب اور بہت زیادہ غلطی پائی جاتی ہے ابوخیثمہ کہتے ہیں یہ کذاب ہے ابوحاتمؒ کہتے ہیں یہ واہی الحدیث اور متروک ہے۔

(میزانُ الاعتدال (اردو) جلد 7 صحفہ 60 61)۔

اور المغنی میں اس کے بارے میں فرماتے ہیں:

نصر بن مزاحم کوفی شیعہ ہے اسے ترک کر دیا گیا

(المغنى فی الضعفاء (عربی) جلد 2 صحفہ 351)۔

امام ابنِ جوزیؒ الضعفاء میں اس کے بارے میں فرماتے ہیں:

ابوخیثمہ کہتے ہیں نصر کذاب ہے ابوحاتمؒ کہتے ہیں یہ واہی الحدیث اور متروک الحدیث ہے جوزجانی کہتے ہیں یہ حق سے منحرف تھا خطیب بغدادیؒ کہتے ہیں یہ غالی شیعہ تھا صالح بن محمد کہتے ہیں اس نے منکر روایات بیان کی ہیں ابوفتح ازدی کہتے ہیں یہ اپنے مذہب میں غالی تھا اور اس کی روایت لائق ستائش نہیں (یعنی اس کی روایت قابل قبول نہیں)۔

(كتاب الضعفاء والمتروکین (عربی) جلد 3 صحفہ 160)۔

امام ابنِ حجرؒ اس کے بارے میں فرماتے ہیں:

یہ شیعہ تھا اسے ترک کر دیا گیا عقیلیؒ کہتے ہیں یہ شیعہ تھا اور اس کی حدیث میں اضطراب پایا جاتا ہے ابوخیثمہ کہتے ہیں یہ کذاب ہے ابوحاتمؒ کہتے ہیں یہ متروک الحدیث ہے بجلی کہتے ہیں یہ غالی شیعہ ہے خلیلی کہتے ہیں یہ لین ہے۔

(لسان المیزان (عربی) جلد 8 صحفه 268 267)۔

ان جروحات سے ثابت ہوتا ہے کہ نصر بن مزاحم کوفی غالی شیعہ تھا اور کذاب اور متروک الحدیث تھا اس لئے اس کو سُنی کہنا یا اس کی کتاب سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے خلاف روایات بیان کرنا کسی صورت جائز نہیں۔