روافض کی امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ پر دروغ گوئی - ردِ رافضیت…

روافض کی امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ پر دروغ گوئی

  امام ابنِ تیمیہؒ

صفحہ 3 از 6

یہ اس لیے کہ وہ امور جن میں بعض بندوں کے اعتبار سے شر ہوتا ہے۔ رب تعالیٰ کی ان کے پیدا کرنے میں ایک حکمت ہوتی ہے۔ وہ ان کو پیدا کر کے بھی حمید و مجید ہے اسی کی بادشاہی اور اسی کی تعریف ہے اور اس کی طرف نسبت کے اعتبار سے یہ امور شر نہیں ہیں اور نہ مذموم ہی ہیں ۔ سو اس کی طرف ایسی کسی بات کی نسبت نہ کی جائے گی جو اس کی نقیض سمجھی جائے۔ جیسا کہ رب تعالیٰ بیماریوں ، تکلیفوں ، ناگوار ہواؤں ، بدبوؤں ، بد صورتوں ، خبیث اجسام وغیرہ کا خالق ہے جیسے سانپ، بچھو، غلاظتیں اور نجاستیں وغیرہ۔ کیونکہ اس کی اس میں زبردست حکمت ہے۔

پس جب یہ کہا جائے گا کہ یہ ناگوار ہوائیں اور گندگیاں اللہ کی طرف سے ہیں ۔ وہ اس بات کا وہم ڈالتا ہے کہ شاید یہ ناگوار بدبوئیں اللہ سے نکلی ہیں ۔ حالانکہ اللہ اس بات سے بری ہے۔ اسی طرح جب یہ کہا جائے گا کہ قبائح یا معاصی اللہ کی طرف سے ہیں کہ اس سے کبھی اس بات کا وہم ہوتا ہے کہ یہ باتیں اللہ کی ذات سے نکلی ہیں جیسا کہ بندے کی ذات سے نکلتے ہیں جیسا کہ متکلم کی ذات سے کلام نکلتا ہے۔ حالانکہ اللہ کی ذات اس سے منزہ ہے۔ یا اس سے اس بات کا وہم ہوتا ہے کہ یہ گندی چیزیں اس سے قبیح اور بری ہیں ۔ حالانکہ وہ اس سے بری ہے۔ بلکہ تفویض اور تعلیل دونوں اقوال کی رو سے رب تعالیٰ کی ہر آفرینش حسن ہی حسن ہے۔ اسی طرح ذوائقوں ، رنگوں اور بوؤں کے بارے میں جب یہ کہا جاتا ہے کہ یہ میٹھا یا کڑوا ذائقہ اللہ کی طرف سے ہے یا اس بوٹی سے ہے۔ یا یہ اچھی یا بری بو اللہ کی طرف سے ہے یا فلاں عین سے ہے۔ اس طرح کی اور بھی متعدد مثالیں ہیں اور کبھی جب یہ کہا جائے گا کہ: ’’یہ اللہ کی طرف سے ہے۔‘‘ تو اس بات کا بھی وہم ہوتا ہے کہ شاید اللہ نے اس کا حکم دیا ہے۔ حالانکہ نہ تو فحش بات کا حکم دیتا ہے اور نہ فساد کو پسند کرتا ہے اور نہ ہی اپنے بندوں سے کفر پر راضی ہوتا ہے۔‘‘

یہ حضرتِ ابن مسعود رضی اللہ عنہ کے اس قول کے مثل ہے جب ان سے مفوضہ کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا:’’ میں ان کے بارے میں اپنی رائے سے کہوں گا۔ اگر تو یہ رائے درست ہوئی تو اللہ کی طرف سے ہو گی اور اگر یہ رائے خطا ہو گی تو میرے اور شیطان کی طرف سے ہو گی اور اللہ اور اس کا رسول دونوں اس سے بری ہوں گے۔‘‘

اسی طرح حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے بھی علامہ کے بارے میں کہا تھا اور ایسا ہی حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے بھی کہا تھا۔

ان لوگوں کی مراد یہ تھی کہ درستی کا کبھی رب تعالیٰ نے امر کیا ہوتا ہے، اور اسے مشروع کیا ہوتا ہے اور اسے پسند ہوتی ہے اور وہ اس سے راضی ہوتا ہے۔ جبکہ کا نہ تو اس نے امر دیا ہوتا ہے، نہ اسے محبوب ہوتی ہے اور نہ اس نے خطا کو مشروعکیا ہوتا ہے۔ بلکہ یہ تزیینِ نفس اور تزیینِ شیطان سے ہوتی ہے جو بندہ شیطان کے امر سے کرتا ہے۔ یہی مطلب ہے اس بات کا کہ وہ مجھ سے اور شیطان سے ہو گی۔

تب بھی اس کے متعدد جوابات ہیں :

اوّل:....یہ کہا جائے کہ اعمال، اقوال، طاعات اور معاصی سب بندے سے ہیں بایں معنی کہ وہ بندے کے ساتھ قائم ہیں اور اس کی قدرت و مشیئت سے حاصل ہیں ۔ وہ ان سے متصف بھی ہے اور متحرک بھی، جن کا حکم اس کی طرف لوٹتا ہے۔ کیونکہ بسا اوقات محل کے ساتھ متصف شی کے بارے میں یہ بھی کہہ دیا کرتے ہیں کہ یہ اس محل سے نکلی ہے۔ چاہے اس کو اس کا اختیار نہ بھی ہو۔ جیسا کہ کہتے ہیں : یہ ہوا فلاں خطے کی ہے، یہ پھل فلاں درخت کا ہے، یہ غلہ فلاں کھیت کا ہے۔ تو جو کسی زندہ با اختیار سے صادر ہو، اسے بدرجہ اول یہ کہنا جائز ہو گا کہ یہ شی فلاں سے ہے اور وہ اللہ سے ہے، بایں معنی کہ اس نے اسے پیدا کیا ہے اس حال میں کہ وہ اس کے غیر سے قائم ہے اور اس نے ان چیزوں کو بندے کا عمل، کسب اور صفت ٹھہرایا ہے۔

اس نے ان کو اپنی مشیئت اور قدرت سے اس بات کے واسطے سے پیدا کیا ہے کہ اس نے بندے کی قدرت و مشیئت کو پیدا کیا جیسا کہ وہ مسببات کو ان کے اسباب کے ذریعے پیدا کرتا ہے۔ پس وہ بادلوں کو ہواؤں سے، اور بارش کو بادلوں سے اور نباتات کو بارش سے پیدا کرتا ہے۔

حوادث کی ان کے خالق کی طرف نسبت ایک اعتبار سے ہوتی ہے۔ جبکہ ان کے اسباب کی طرف نسبت ایک دوسرے اعتبار سے ہوتی ہے۔ پس یہ اللہ کی طرف سے اس اعتبار سے ہیں کہ یہ اللہ کی مخلوق ہیں جو اس کے غیر میں پیدا کی گئی ہیں ۔ اور جیسا کہ مخلوقات کی جملہ حرکات و صفات اس سے ہیں جبکہ بندے اس کی صفتِ قائمہ ہونے کے اعتبار سے ہیں ۔ جیسا کہ حرکت کا صدور اس متحرک سے ہوتا ہے جو اس حرکت سے متصف ہو۔ چاہے وہ جماد ہی ہو۔ پس اس وقت کیا ہو گا جب وہ متحرک حیوان ہو؟

تب بھی اضافت کی جہت کے مختلف ہونے کی وجہ سے بندے اور رب کے درمیان کوئی شرکت نہیں ۔ جیسا کہ ہم جب یہ کہتے ہیں کہ یہ فلاں عورت سے ہے تو یہ اس اعتبار سے ہے کہ اس عورت نے اسے جنا ہے اور یہ اللہ کی طرف سے ہے، تو یہ اس اعتبار سے ہے کہ اسے اللہ نے پیدا کیا ہے۔ کہ دونوں نسبتوں میں کوئی تناقض نہیں ۔ لہٰذا جب ہم یہ کہتے ہیں کہ یہ پھل درخت کا ہے اور یہ غلہ کھیت کا ہے تو یہ بایں معنی ہوتا ہے کہ ان کا اس میں حدوث ہوا ہے اور یہ اللہ کی طرف سے ہے بایں معنی ہوتا ہے کہ اس نے اس پھل اور کھیتی کو پیدا کیا ہے۔ کہ ان دونوں باتوں میں کوئی تناقض نہیں ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

﴿اَمْ خُلِقُوْا مِنْ غَیْرِ شَیْئٍ اَمْ ہُمُ الْخَالِقُوْنَ﴾ (الطور: ۳۵)

’’یا وہ کسی چیز کے بغیر ہی پیدا ہوگئے ہیں ، یا وہ (خود) پیدا کرنے والے ہیں ؟‘‘اس کی مشہور تفسیر ’’ام خلقو من غیر رب‘‘ ہے۔ جبکہ ایک تفسیر ’’ام خلقوا من غیر عنصر‘‘ بھی ہے۔اس طرح موسیٰ علیہ السلام کے ہاتھوں جب ایک قبطی مارا گیا تو انہوں نے یہ کہا تھا:

﴿ہٰذَا مِنْ عَمَلِ الشَّیْطٰنِ﴾ (القصص: ۱۵)

’’کہا یہ شیطان کے کام سے ہے۔‘‘

اور فرمایا:

﴿مَآ اَصَابَکَ مِنْ حَسَنَۃٍ فَمِنَ اللّٰہِ وَ مَآ اَصَابَکَ مِنْ سَیِّئَۃٍ فَمِنْ نَّفْسِکَ﴾ (النسآء: ۷۹)

’’جو بھلائی تجھے پہنچے وہ اللہ کی طرف سے ہے اور جو برائی تجھے پہنچے وہ تیرے نفس کی طرف سے ۔‘‘

اسی کے ساتھ اس سے قبل یہ ارشاد بھی پڑھیے:

صفحہ 3 از 6