فصل : اہلِ سنت پر بہتان عظیم..
امام ابنِ تیمیہؒفصل :
اہلِ سنت پر بہتان عظیم
[شبہ۱] :’’تم شیعہ اہل سنت کی طرف یہ قول منسوب کرتے ہو کہ: اطاعت گزار ثواب کا استحقاق نہیں رکھتا اور عاصی[گنہگار ] سزا کاحقدار نہیں ۔ بلکہ اللہ تعالیٰ بعض اوقات تمام عمر فرمانبرداری کرنے والے کو جوکہ اس کے احکام بجالانے میں حد درجہ کو پہنچا ہوتا ہے ‘ جیسے نبی کوبھی سزا دیتا ہے۔ اور تمام عمر کے گنہگار اورنافرمان پر ؛ جو کہ اس کی نافرمانیوں میں حد سے بڑھا ہوا ہوتا ہے‘ جیسے ابلیس اور فرعون پر بھی رحم فرماتا ہے۔‘‘
[جواب]: یہ اہل سنت پر عظیم بہتان ہے۔ اہل سنت کا کوئی فرد یہ نہیں کہتا کہ اللہ تعالیٰ نبی اور اطاعت گزار کو سزا دیتا ہے ۔ اور نہ ہی کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ ابلیس اور فرعون پر رحم کرتا ہے۔ بخلاف اس کے وہ یہ کہتے ہیں کہ:’’ اللہ تعالیٰ کے لیے گنہگار کو اس کے گناہ پر سزا دینا واجب نہیں ۔اور وہ کہتے ہیں :اہل ایمان گنہگار کو معاف کرنا اور اہل کبائر کو دوزخ سے نکالنا جائز ہے۔ وہ کسی اہل توحید کو دائمی طور پر جہنم رسید نہیں کرے گا۔اور اللہ تعالیٰ جہنم سے ایسے لوگوں کو بھی نکالے گا جن کے دل میں ایک ذرہ برابر بھی ایمان ہوگا۔ امامیہ اس عقیدہ میں اہل سنت والجماعت کے ہم نوا ہیں ۔