Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

تعزیہ داری میں شرکت اور تعاون کرنا اور اس کی زیارت کرنا


سوال: اگر مسلمان کوئی میلہ کریں جس کی مذہب میں کوئی اصل نہیں، جیسے تعزیہ داری اور کافر نہ اس لحاظ سے کہ میلہ کی تخریب ہو بلکہ اس لحاظ سے کہ مسلمانوں کو بحیثیت مذہب ہزیمت ہو مزاحم ہوں، تو ایسی صورت میں میلہ والے مسلمانوں کی شرکت دوسرے مسلمانوں کو جائز ہے یا نہیں؟

 جواب: در صورت مرقومہ اربابِ فطانت ودیانت پر مخفی نہیں کہ مسلمانوں کو بحیثیت مذہب ہزیمت ہو کہ یہ میلہ تعزیہ داری کا مذہب و ملت یا ادنیٰ شعائر اسلام میں بھی داخل ہوتا، حالانکہ داخل نہیں اور جب یہ میلہ مذکورہ اسلام میں داخل ہی نہیں ہوا، بلکہ یہ میلہ بعض وجوہ سے میلہ فسقیہ ہے اور بعض وجوہ سے میلہ شرکیہ ہے تو اس صورت میں مسلمانوں کو من حیث المذہب دینی و ملت یقینی کیونکر ہزیمت متصور ہو گی، یہ خیال خام بعض بلایان نا فرجام ہے۔ وقول رب العالمين:

 يُوۡحِىۡ بَعۡضُهُمۡ اِلٰى بَعۡضٍ زُخۡرُفَ الۡقَوۡلِ غُرُوۡرًا‌  (سورۃ الانعام: آیت، 112)

اِنۡ يَّتَّبِعُوۡنَ اِلَّا الظَّنَّ وَاِنۡ هُمۡ اِلَّا يَخۡرُصُوۡنَ‏ (سورۃ الانعام: آیت، 116)

مناسب حال و مقال بلایان بد خصال کے ہے، پس فَذَرۡهُمۡ وَمَا يَفۡتَرُوۡنَ 

(سورۃ الانعام: آیت، 112) ان کو اور ان کے بہتانوں کو چھوڑ دو۔

تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ میلہ تعزیہ داری کا میلہ فسقیہ ہے با اعتبار اجتماع فساق تماش بین کے اور یہ میلہ با اعتبار بنانے والے اور تعظیم کرنے والے اور تقرب لغیر اللہ چاہنے والے کے میلہ شرکیہ ہے۔ 

پس پہلی صورت میں تماشہ دیکھنا ان کے میلہ کا اور تماشہ دیکھنا تعزیہ کے میلہ کا دونوں برابر ہیں۔ زور و کذب و مالا ینبغی اور غیر مشروع ہونے میں بمؤجب اس آیت کریمہ کے فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرٰى مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ (سورۃ الانعام: آیت، 68)یاد آجانے کے بعد ظالم قوم کے پاس مت بیٹھو نیز بدلیل آیت سورة الفرقان وَالَّذِیْنَ لَا یَشْهَدُوْنَ الزُّوْرَ(سورۃ الفرقان: آیت، 72)

ترجمہ: جو بے ہودہ چیزوں پر حاضر نہیں ہوتے۔

 ہر چند یہ آیت محتمل احتمالاتِ کثیرہ کو ہے، لیکن احتمال قوی یہی ہے کہ یہ حاضر ہونا ہر اس چیز کو شامل ہے جو لائق و شائستہ نہیں، اس میں مشرکوں کی عیدیں اور فاسقوں کی مجالس بھی شامل ہیں۔ کیونکہ جو بد لوگوں کے پاس جائے گا، ان کے افعال کو دیکھے، اس کی مجلس میں شامل ہو، تو اُس نے ان کے گناہ میں شرکت کی۔

اور مدد دینا بنا بر تکثیر سواد اور اشاعت و رونق تعزیہ کی زیادہ تر سخت گناہ ہے۔ حسبِ منطوق لازم الوثوق کے وَتَعَاوَنُوۡا عَلَى الۡبِرِّ وَالتَّقۡوٰى‌ وَلَا تَعَاوَنُوۡا عَلَى الۡاِثۡمِ وَالۡعُدۡوَانِ‌  (سورۃ المائدہ: آیت، 2)

 ترجمہ: نیکی اور پرہیز گاری پر ایک دوسرے کی مدد کرو،اور گناہ اور زیادتی میں مدد نہ کرو۔

نیز مطابق فرموده آنحضرتﷺ من كثر سواد قوم فهو منهم جو آدمی کسی قوم کی تعداد بڑھائے وہ انہی میں سے ہے۔

اور صورت ثانیہ میں یہ میلہ شرکیہ بلاریب ہے۔ کیونکہ یہ تعزیہ منصوبہ فی ما نصب و عبد من دون اللہ جو کھڑا کیا جائے اور اللہ کے سواء اس کی عبادت کی جائے۔ میں داخل ہے کقوله تعالىٰ كَاَنَّهُمْ اِلٰى نُصُبٍ یُّوْفِضُوْنَ(سورۃ المعارج: آیت، 43)گویا وہ اپنی بُتوں کی طرف دوڑتے جارہے ہیں۔ نصب بضمتین ہر وہ چیز جو کھڑی کی جائے جیسے جھنڈا وغیرہ۔

پس تعزیہ بنانا اور ساتھ نشان توقیر و تعظیم کے چبوترہ یا کسی بلند مقام پر قائم کرنا یا رکھنا اور نذر و نیاز بطوقع حصول مطالب دنیاوی امید حاجت روائی اور فراخی روزی و طلب اولاد و جاہ و منصب کے اس پر چڑھانا اور اس کی بے ادبی میں نقصان جان و مال کا اعتقاد رکھنا اور بجہت عقیدہ واجب التعظیم کہ سلام اور مجرا اور سجدہ اس کو کرنا جیسا کہ رسم و رواج و عرف و عادت تعزیہ پرستوں کی ہے صریح بُت پرستی ہے۔ کفارِ مکّہ وغیرہ کی بُت پرستی کی طرح ایامِ جاہلیت میں کُفارِ مکّہ نے تقریباً تین سو بُت خانہ کعبہ کے گرد کھڑے کر رکھے تھے۔ اور نذر و نیاز اور ذبح جانور بنا بر تعظیم بتول کیا کرتے تھے۔ پس درمیان تعزیہ داران اور کفارِ بُت پرستانِ مکّہ مکرمہ وغیرہ کے کچھ فرق نہیں ہیں۔ اس لیے کہ تعزیہ دار تعزیہ سے اعتقاد جلب منفعت و دفع مضرت کا رکھتے ہیں۔ جیسے کفار بتوں سے معتقد حصول منافع و دفع مضار کے ہیں۔ الغرض جو معاملہ کفار اپنے بتوں کے ساتھ کرتے تھے وہی معاملہ تعزیہ دار تعزیہ سے کرتے ہیں۔

 اللہ تعالیٰ سارے مسلمانوں کو عقیدہ فاسد اور عمل مذموم کی تعزیہ داری سے محفوظ رکھے۔ اور دین محمدیﷺ پر توفیق رفیق عطا فرمائے۔ اور جو لوگ خود نہیں بناتے مگر مددگار امورِ شرکیہ کے ہوتے ہیں، ان کو بھی بلائے عظیم تائید شرکی سے توبہ نصیب کرے کہ امداد وغیرہ مشروع سے باز آئیں۔ اور حسبِ توفیق فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرٰى مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ(سورۃ الانعام: آیت، 68) کے تعزیہ دار کی صحبت سے احتراز کرتے رہیں کی غضب الٰہی میں گرفتار نہ ہوں

آنحضرتﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ بدعتی آدمی کا روزہ، نماز، صدقہ، حج، عمرہ، جہاد، نفل، اور فرض، کچھ قبول نہیں کرتے۔ اور وہ اسلام سے اس طرح نکل جاتا ہے جیسے آٹے سے بال۔

اور فرمایا آنحضرتﷺ نے جو کوئی احداث بدعت کرے یا محدث کو جگہ دے یا اس کی تعظیم کرے اس پر بھی اللہ تعالیٰ کی لعنت اور اس کی نماز، روزہ، حج مقبول نہیں۔

اور فرمایا آنحضرتﷺ نے کہ جو کوئی کسی قوم کی کثرت اور بھیڑ بھاڑ اس کی بڑھا دے، یا تشبیہ کرے وہ اسی قوم سے شمار کیا جائے گا۔

اور جب تعزیہ پرست تعزیہ کے سبب ظالمین میں داخل ہوئے تو تعزیہ پرست مثل روان و کالی والوں کے ہوئے۔ تو اب دونوں کی شرکت و اعانت مساوی الاقدام ہوئی، بلکہ تعزیہ والوں کی اعانت بدتر ہے۔ کیونکہ بسبب تعزیہ پرستی کے کفارِ اسلام پر بت پرستی کا الزام دیتے ہیں۔ اور اکثر اوقات مسلمانوں میں تعزیہ پرستی کو دیکھ کر ہدایت سے باز رہتے ہیں۔ پس جس چیز کے سبب اسلام پر دھبہ لگے اور طریقہ ہدایت کا مسدود ہو اس چیز کی شرکت و اعانت سراسر اسلام پر ظلم کرنا ہے۔ اور کیوں ایسے امرِ قبیح کو مسلمانوں نے اختیار کیا، جس کے سبب بمقابلہ کفارِ ہزیمت اٹھانی پڑے۔

پس ہر مسلمان پر فرض ہے کہ ان سب میلوں کی تخریب (خراب کرنے میں) برابر کوشش کرے، بلکہ تعزیہ داری کے اندر اس تخریب میں زیادہ کوشش کرے تاکہ اسلام پر الزام نہ آئے، اور ہدایت کا راستہ مسدود نہ ہو، اور ہزیمت بھی نہ اٹھانی پڑے، اور نیز اس میں اہلِ بیتؓ کی توہین لازم آتی ہے، جیسا کہ ماہرینِ شریعت غرا پر مخفی نہیں ہے۔ پس پائے شگون پر ناک کٹانی عقلمندوں کا کام نہیں ہے۔

(فتاویٰ نذیریه: جلد، 1صفحہ، 267)