Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

فتنوں سے متعلق سیدنا عمر اور حذیفہ رضی اللہ عنہما کے درمیان گفتگو

  علی محمد الصلابی

حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ہم سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھے تھے۔ سیدنا عمرؓ نے پوچھا: فتنے کے باب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث تم میں سے کس کو یاد ہے؟ میں نے کہا: مجھے یاد ہے اور حرف بحرف یاد ہے۔ سیدنا عمرؓ نے فرمایا: سناؤ! تم بڑے بہادر باپ کے بیٹے ہو، بہت ذہین فطین ہو۔ میں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے:

فِتْنَۃُ الرَّجُلِ فِیْ أَہْلِہٖ وَمَالِہٖ وَنَفْسِہٖ وَوَلَدِہٖ وَجَارِہٖ یُکَفِّرُہَا الصِّیَامُ وَالصَّلَاۃُ وَٖالصَّدَقَۃُ وَالْأَمْرُ بِالْمَعْرُوْفِ وَالنَّہْیُ عَنِ الْمُنْکَرِ۔

ترجمہ: ’’آدمی گھر بار، مال و دولت، اپنے اہل وعیال، پڑوسی اور اپنی ذات سے متعلق جس فتنہ میں گرفتار ہوتا ہے اس کے لیے نماز، روزہ، صدقات وخیرات اور امر بالمعروف (بھلائیوں کا حکم دینا) و نہی عن المنکر (برائیوں سے روکنا) کفارہ بن جاتے ہیں۔‘‘

سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے کہا: میں یہ (چھوٹے چھوٹے) فتنے نہیں پوچھتا بلکہ ان فتنوں کے بارے میں پوچھتا ہوں جو سمندر کی موجوں کی طرح ٹھاٹھیں مار رہے ہوں گے۔ میں نے کہا: اے امیر المؤمنینؓ! آپؓ کو ان فتنوں سے کیا خوف ہے؟ آپؓ کے اور ان فتنوں کے درمیان تو ایک بند دروازہ ہے۔ آپؓ نے پوچھا: بھلا یہ دروازہ توڑ ڈالا جائے گا یا کھولا جائے گا؟ میں نے کہا: نہیں، بلکہ توڑ ڈالا جائے گا۔ سیدنا عمرؓ نے فرمایا: پھر تو وہ دروازہ کبھی بند نہ ہوگا؟ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرنے والے راوی ابووائل کہتے ہیں، میں نے حذیفہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا: کیا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اس دروازے کو جانتے تھے؟ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ہاں، ایسے ہی جیسا کہ یقین ہے کہ آج کی رات کل کے دن سے پہلے ہے۔ (یقین کی وجہ یہ ہے کہ) میں نے ان سے ایک حدیث بیان کی تھی جو اٹکل پچو نہ تھی۔ ابووائل کہتے ہیں کہ حذیفہ رضی اللہ عنہ سے یہ پوچھنے میں ہم ڈرے کہ وہ دروازہ کون تھا، اس لیے ہم نے مسروق سے کہا کہ تم پوچھو۔ چنانچہ مسروق نے حذیفہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ دروازہ خود عمر رضی اللہ عنہ تھے۔

(صحیح البخاری مع الفتح: الفتن: حدیث نمبر 7096 )

اس حدیث میں حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ، سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے بارے میں اطلاع دے رہے ہیں کہ آپ ہی وہ بند دروازہ ہیں جو مسلمانوں کو فتنوں کے تھپیڑوں سے بچاتا ہے اور یہ دروازہ عنقریب توڑ ڈالا جائے گا، اسے ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ پھر قیامت تک یہ دروازہ بند نہ ہوگا، اور یہی عمر رضی اللہ عنہ نے سمجھا بھی تھا کہ اب مختلف قسم کے فتنے مسلمانوں میں منتشر ہوں گے، فتنوں کے ان طوفانوں کو یکسر مٹا دینا تو دور کی بات ہے کچھ عرصہ کے لیے بھی ان پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔ حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کی یہ بات من مانی نہ تھی اور نہ یہ ان کے ذاتی اندیشے تھے، بلکہ اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ارشاد فرماتے سنا تھا اور جس طرح سنا تھا اسی طرح اسے یاد رکھا تھا۔ اسی لیے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے اپنی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا: ’’میں نے ان سے ایک حدیث بیان کی تھی جو اٹکل پچو نہ تھی، یعنی صحیح اور سچی حدیث تھی، اس میں غلط بیانی اور جھوٹ کا شائبہ تک نہیں تھا۔ اس لیے کہ میں نے اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارکہ سے سنا تھا۔‘‘

دوسری طرف سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ بھی حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کی اس صدق بیانی کی حقیقت جانتے تھے، سیدنا عمرؓ کو بخوبی اندازہ تھا کہ میری خلافت ایک آہنی دروازہ ہے جو مسلمانوں کو فتنوں کے تھپیڑوں سے بچاتا ہے اور جب تک میری خلافت اور میری زندگی ہے فتنے مسلمانوں پر حملہ آور نہیں ہو سکتے۔

(الخلفاء الراشدون: خالدی: صفحہ 79)

بزبان رسالت سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے اپنے متعلق یہ پیشین گوئی سن لی تھی کہ آپ قتل کیے جائیں گے اور شہید بن کر اللہ سے ملاقات کریں گے۔ چنانچہ انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم احد پہاڑ پر چڑھے، آپ کے ساتھ ابوبکر، عمر اور عثمان رضی اللہ عنہم بھی تھے، پہاڑ ہلنے لگا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر اپنا پاؤں مارا اور کہا:

 أُثْبُتْ اُحُدُ فَاِنَّمَا عَلَیْکَ نَبِیٌّ وَصِدِّیْقٌ وَشَہِیْدَانِ۔

(صحیح البخاری مع الفتح، فضائل أصحاب النبیﷺ حدیث نمبر: 3675 )

ترجمہ:’’اے احد پہاڑ! تجھ پر ایک نبی، ایک صدیق اور دو شہید کھڑے ہیں۔‘‘