گیارھویں فصل:....حضرت علی رضی اللہ عنہ کے خصوصی اوصاف - ردِ…

گیارھویں فصل:....حضرت علی رضی اللہ عنہ کے خصوصی اوصاف

  امام ابنِ تیمیہؒ

صفحہ 1 از 5

گیارھویں فصل

حضرت علی رضی اللہ عنہ کے خصوصی اوصاف
[اشکال] شیعہ مصنف لکھتا ہے: ’’عامر بن واثلہ روایت کرتے ہیں کہ جب حضرت عمرؓ نے چھ صحابہؓ کواپنے میں سے خلیفہ منتخب کرنے کے لیے مقرر کیا تو میں حضرت علیؓ رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھا؛ آپ نے ان کو مخاطب کر کے کہا:میں تمہارے سامنے ایسی دلیل پیش کروں گا، جس سے تمھارے کسی عربی یا عجمی کو مجال انکار نہ ہو گی۔ مندرجہ ذیل باتوں کا جواب دیجیے:

¹ـ اے لوگو! میں تم سب کو اللہ کی قسم دیتا ہوں ، کیا تم میں سے کوئی شخص مجھ سے پہلے توحید کا قائل ہوا ہے ؟ انھوں نے نفی میں جواب دیا ۔

²ـ میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کا بھائی میرے بھائی جعفر طیار جیسا ہو‘جو جنت میں ملائکہ کیساتھ رہ رہا ہے ؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
³ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کا چچا میر چچا حمزہ جیسا ہو‘جو اللہ اور اس کے رسول کا شیر تھا؛اور جو سید الشہداء ہوئے؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
⁴ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کی بیوی میری بیوی فاطمہ بنت محمدﷺ  سیدۃ نساء اہلِ جنت کی طرح ہو؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
⁵ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے دو ایسے بیٹے ہوں جیسے میرے دو بیٹے جنت کے نوجوانوں کے سردار حسن اور حسین رضی اللہ عنہما ہیں ؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
⁶ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس نے رسول اللہﷺ سے مشورہ کرنے سے پہلے دس بار صدقہ کیا ہو؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
⁷ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہﷺ نے فرمایا ہو: ’’ من کنت مولاہ فعلي مولاہ؛ اللہم وال من والاہ و عاد من عاداہ ۔‘‘ جس کا میں مولی ہوں علی بھی اس کا مولی ہے۔ اے اللہ ! جو اس سے دوستی رکھتے تو بھی اس سے دوستی رکھے اور جو کوئی اس سے دشمنی کرے تو تو بھی اس سے دشمنی رکھ ۔‘‘اور حاضرین کو چاہیے کہ یہ بات غائبین تک پہنچا دیں ۔ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ 
⁸ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہﷺ نے دعا کی ہو: ’’ اے اللہ اپنی مخلوق میں اپنے اور میرے سب سے محبوب شخص کو لے آ تاکہ وہ میرے ساتھ اس پرندے کا گوشت کھائے۔‘‘ تو اللہ تعالیٰ نے اسے وہاں پہنچا دیا ہو ؛ اور پھر اس نے آپ کے ساتھ وہ کھانا کھایا ہو؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
⁹ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہﷺ نے فرمایا ہو :
’’ کل میں یہ جھنڈا ایسے آدمی کو دوں گا جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہے ‘ اور اللہ اور اس کا رسول اس سے محبت کرتے ہیں ۔اور وہ اس وقت تک واپس نہیں آئے گا جب تک اللہ تعالیٰ اس کے ہاتھ پر فتح نہ دے دے۔اور وہ شکست خوردہ واپس نہیں ہوگا؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
 ¹⁰ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہﷺ  نے بنی وکیعہ سے کہا ہو: تم اپنی حرکتوں سے باز آ جاؤ ؛ ورنہ میں تم پر ایسا آدمی بھیجوں گا جس کی ذات میری ذات کی طرح ہوگی۔اور اس کی اطاعت ایسے ہوگی جیسے میری اطاعت ۔ اور جس کی نافرمانی ایسے ہوگی جیسے میری نافرمانی۔اور وہ تلوار کے ساتھ تمہارے درمیان فیصلہ کرے گا؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
¹¹ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہﷺ  نے فرمایا ہو: وہ انسان جھوٹ بولتا ہے جو خیال کرتا ہے کہ وہ مجھ سے محبت کرتا ہے ‘ مگر اس [یعنی خود حضرت علیؓ ]سے بغض رکھتا ہو؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
¹²ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں سے کوئی ایسا شخص موجود ہے جس پر بیک وقت تین ہزار فرشتوں ، نیز جبرئیل و میکائیل اور اسرافیل نے سلام بھیجا ہو۔ یہ اس وقت ہوا جب میں کسی اور کے کنوئیں سے نبی کریمﷺ  کے پاس پانی لایا۔ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
¹³ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے لیے آسمان سے آواز لگائی گئی ہو: ’’لا فتی إلا علی و لا سیف إلا ذوالفقار‘‘’’نوجوان ہے تو صرف علی اور تلوار ہے تو صرف ذوالفقار ؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔ 
¹⁴ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے لیے جبریل نے یہ کلمات کہے ہوں ؛ جب رسول اللہﷺ  نے [میرے بارے میں ]فرمایا: وہ مجھ سے ہے اور میں اس سے ہوں ۔‘‘
تو جبریل امین نے کہا : ’’ میں تم دونوں میں سے ہوں ‘‘؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
¹⁵ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے متعلق رسول اللہﷺ  نے فرمایا ہو: ’’ تم وعدہ توڑنے والوں ؛ نافرمانوں اور دین سے نکل جانے والے لوگوں سے جنگ کرو گے؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
¹⁶ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے بارے میں رسول اللہﷺ  نے فرمایا ہو: میں تنزیل قرآن پر جنگ کرتا ہوں ‘اور تم میری تفسیر کے علاوہ کوئی دوسری تفسیر کرنے پر لوگوں سے جنگ کرو گے؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم! نہیں ۔
¹⁷ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس کے لیے سورج کو واپس لوٹایا گیا ہو‘ حتی کے اس نے وقت نکلنے کے باوجود عصر اپنے وقت پر پڑھی ہو؟کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
¹⁸ـ  میں تمھیں اللہ کی قسم دیتا ہوں ! کیا تم میں میرے علاوہ کوئی ایسا ہے جس نے حضرت ابو بکرؓ  سے سورت برأت واپس لی ہو ؟ یہاں تک کہ ابوبکرؓ  کہنے لگے : یارسول اللہﷺ ! میرے بارے میں کوئی آیت نازل ہوئی ہے ؟ تو رسول اللہﷺ  نے فرمایا: ’’ علی کے علاوہ میری طرف سے یہ سورت کوئی نہیں پہنچا سکتا؟ کہنے لگے : اللہ کی قسم نہیں ۔
صفحہ 1 از 5