حضرت معن بن عدی بلوی رضی اللہ عنہ
علی محمد الصلابیبیعتِ عقبہ، بدر، احد، خندق اور دیگر مشاہد میں شریک رہے۔ رسول اللہﷺ نے ان کے اور سیدنا زید بن خطاب رضی اللہ عنہ کے مابین مؤاخات کرائی تھی۔ دونوں ہی معرکہ یمامہ میں شہید ہو گئے۔ رسول اللہﷺ کی وفات کے وقت ان کا مؤقف ممتاز رہا، رسول اللہﷺ کی وفات کے وقت جب صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین رو پڑے اور کہنے لگے: کاش کہ ہم آپﷺ سے قبل مر چکے ہوتے، ہمیں خوف ہے کہ کہیں آپﷺ کے بعد فتنہ میں نہ مبتلا ہو جائیں! تو اس موقع پر حضرت معن بن عدیؓ نے کہا تھا: واللہ مجھے آپﷺ سے پہلے مرنا پسند نہیں، کیونکہ میں یہ چاہتا ہوں کہ جس طرح میں نے آپﷺ کی تصدیق آپﷺ کی زندگی میں کی ہے، آپﷺ کی وفات کے بعد بھی آپﷺ کی تصدیق کروں۔
(البدایۃ والنہایۃ: جلد 6 صفحہ 343، 344)