قبولیت مسابقہ
علی محمد الصلابیالحمد للہ! اس مسابقہ کو مسلمانوں میں خوب پذیرائی حاصل ہوئی اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نہایت وسیع حقائق و نتائج اور اہداف مکمل ہوئے۔
عالم اسلامی کے اطراف و اکناف میں اس کا ڈنکا بجنے لگا اور پے درپے سیکڑوں علمی مقالہ جات ہمیں موصول ہونا شروع ہو گئے، تب ہمارے ادارے میں علماء کی کمیٹی نے ان مقالات کی چھان پھٹک شروع کی اور جہاں جہاں مسابقہ کے قواعد و ضوابط میں کمی پائی گئی ان مقالہ نگاروں کے مقالہ جات کو شرف مسابقہ میں شمولیت سے محروم ہونا پڑا۔
اس مرحلے پر پہنچ کر علماء و اکابر مشائخ کی ایک اور کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ مسابقہ کے لیے منتخب مقالات کی جانچ پرکھ کا عمل مکمل کریں ۔
پھر مسابقہ کے اصول و ضوابط اور علمی معیار پر پورا اترنے والے مقالات کے انتخاب سے ہی یہ کام مکمل نہیں ہوا بلکہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات تک یہ سلسلہ قائم رہا، بلکہ اس کے بعد ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی سیرت پر ایک مکمل انسائیکلو پیڈیا مرتب کرنے کے لیے علماء و مشائخ پر مشتمل مذکورہ کمیٹیوں نے عزم صمیم کے ساتھ آستینیں چڑھا کر، خم ٹھونک لیے۔ یوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمارے ادارے کو اس عظیم کام کی طباعت و توزیع کا شرف حاصل ہوا اور ہم اس انسائیکلو پیڈیا کو اپنی نگرانی میں تیار کروا کر نہ صرف عالم عربی و اسلامی بلکہ پورے عالم انسانی تک پھیلانے پر کمر بستہ ہو گئے۔ اس کتاب کا مواد ہم نے پانچ سو پچاس مصادر و مخطوطات سے اکٹھا کیا ہے۔اس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ سیدہ رضی اللہ عنہا کی پاکیزگی اور برأت کی اس دستاویز کی تیاری میں کس جاں فشانی سے کام لیا گیا ہے۔ یہ سارا فضل و احسان یقیناً اللہ سبحانہ کا ہی ہے۔