Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا تعارف

  علی محمد الصلابی

پہلا مبحث: نام و نسب

ام المؤمنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا اللہ تعالیٰ کے خلیل سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی محبوب ترین بیوی صدیقہ بنت صدیق، امام اکبر ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہما کی بیٹی ہیں جو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نائب تھے۔

(وہ عبداللہ بن عثمان بن عامر ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ قرشی و تیمی ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ میں بھی آپ کے نائب ہوتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات طیبہ کے بعد بھی آپﷺ کے نائب بنے۔ آپﷺ کی ہجرت مبارکہ میں آپﷺ کے ہمراہ تھے۔ مردوں میں سب سے پہلے اسلام لانے و الے اور تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے علی الاطلاق و بالاتفاق افضل تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زبان اقدس سے ان کی زندگی میں ہی انھیں جنت کی بشارت دے دی۔ وہ 13ھ میں فوت ہوئے۔ (فضائل ابوبکر الصدیق لابی طالب محمد بن علی الحربی۔ الاستیعاب: لابن عبدالبر: جلد 1 صفحہ 294)

سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا نام و نسب

نام عبداللہ، کنیت ابوبکر اور لقب صدیق رضی اللہ عنہ ہے۔ ان کے والد کا نام عثمان، کنیت ابوقحافہ ہے جو فتح مکہ کے موقع پر اسلام لائے۔

عبداللہ بن عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعد بن تیم بن مرہ بن کعب بن لؤی بن فہر بن مالک بن کنانہ، قریشی، تیمی، مکی پھر مدنی ہیں۔ 

(الطبقات الکبریٰ لابن سعد: جلد 8 صفحہ 58۔ اسد الغابۃ لابن الاثیر: جلد 7 صفحہ 186۔ سیر أعلام النبلاء للذہبی: جلد 2 صفحہ 135)