صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو گالی دینے والوں کا حکم
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا گستاخ مسلمان ہے یا کافر؟ زید کہتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بے ادبی کرنا گناہ ہے، کفر نہیں ہے۔ جبکہ عمرو کہتا ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا بے ادب خارج از اسلام ہے۔ اس بارے میں وضاحت فرمائیں کہ گستاخ صحابہؓ مسلمان ہے یا کافر؟
جواب: کسی مسلمان کو گالی دینا فسق ہے۔ حدیث شریف میں فرمایا سباب المسلم فسوق یعنی مسلمان کو گالی دینا فسق ہے۔
اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو گالی دینا بڑا گناہ ہے لیکن سیدنا اکبرؓ اور سیدنا فاروق اعظمؓ کو گالی دینا کفر ہے اور دوسرے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو گالی دینا حرام ہے۔
در مختار میں ہے کہ اس کافر کی توبہ قبول نہیں ہوتی جو شیخینؓ (سیدنا صدیق اکبرؓ اور سیدنا فاروق اعظمؓ) کو یا ان میں سے کسی ایک کو گالی دے۔
بحر الرائق میں جوہرہ کے حوالے سے الحاکم الشہید سے منقول ہے کہ جس نے شیخینؓ کو گالی دی یا برا بھلا کہا دونوں صورتوں میں کفر ہے۔
(وقار الفتاویٰ: جلد، 1 صفحہ، 280)