سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کا لباس و حجاب
علی محمد الصلابیسیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس صرف ایک ہی پوشاک تھی۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے وہ کہتی ہیں:
’’ہمارے زمانے کی عورتوں کے پاس صرف ایک پوشاک ہوتی تھی۔ جب کوئی حائضہ ہوتی اور خون کپڑوں کو لگ جاتا تو وہ اپنا تھوک لگاتی اور اپنے ناخن (فَقَصَعَتْہ: اسے کھرچ دیتی۔ النہایۃ فی غریب الحدیث و الاثر: جلد 4 صفحہ 73) سے اسے کھرچ دیتی۔‘‘
(صحیح بخاری: 312)
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس ایک قیمتی اور نفیس قمیص تھی، (درع: قمیص۔ (مختار الصحاح للرازی: صفحہ 203)
جس کی قیمت پانچ سو درہم تھی۔ مدینہ منورہ کی عورتیں ان سے مستعار لے کر رخصتی والی رات دلہن کو پہناتی تھیں۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے:
’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں میرے پاس اس طرح کا ایک کرتا تھا، جب کسی دلہن کو رخصتی کے لیے تیار کیا جاتا تو وہ مجھ سے مستعار لینے کے لیے میری طرف پیغام بھیج دیتی۔‘‘
(صحیح بخاری: 2628)