سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کس قدر مزاج شناس تھیں
علی محمد الصلابیسیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس قدر مزاج شناس تھیں کہ آپﷺ کے چہرے سے ہی آپﷺ کی اندرونی کیفیات مثلاً غمی، خوشی وغیرہ بھانپ لیتی تھیں۔ جونہی آپﷺ کا رنگ متغیر ہوتا تو فوراً آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کرتیں۔ جیسا کہ انھی سے مروی یہ حدیث ہے:
’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب آندھی یا بادل دیکھتے تو آپﷺ کے چہرے سے فوراً پتا چل جاتا۔ انھوں نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول! لوگ جب بادل دیکھتے ہیں تو خوش ہوتے ہیں، اس امید کے ساتھ کہ اب بارش برسنے والی ہے اور میں نے محسوس کیا کہ جب آپﷺ بادل دیکھتے ہیں تو آپﷺ کے چہرے پر ناگواری کے اثرات نمایاں ہو جاتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے عائشہ! یہ بات مجھے چین سے نہیں بیٹھنے دیتی کہ ممکن ہے اس میں عذاب پنہاں ہو۔ گزشتہ اقوام میں سے ایک قوم پر آندھی کے ذریعے عذاب نازل ہوا اور ایک قوم نے بادل دیکھے تو کہنے لگے: یہ بادل ہم پر بارش برسائے گا( اور ان پر عذاب نازل ہو گیا)۔‘‘
(صحیح بخاری: 4828۔ صحیح مسلم: 899)