Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

چوتھا مبحث بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے استدراکات

  علی محمد الصلابی

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے بعض مسائل میں کبار صحابہ رضی اللہ عنہم سے اختلاف کیا۔ اس عنوان سے متعدد علماء نے مستقل کتابیں تصنیف کی ہیں۔ جیسے:

1۔ ابو منصور عبدالمحسن (عبدالمحسن بن محمد بن علی ابو منصور بغدادی فقیہ بمذہب مالک بن انس۔ المحدث، علم حدیث و فقہ کے حصول کے لیے بے شمار سفر کیے۔ 411 ہجری میں پیدا ہوئے اور اپنے زمانے میں صالح، فاضل، دانش مند اور ثقہ مشہور تھے۔ 489 ہجری میں وفات پائی۔ (سیر اعلام النبلاء للذہبی: جلد 19 صفحہ 152۔ تاریخ الاسلام للذہبی:  جلد 33 صفحہ 301۔) بن محمد بن علی بغدادی(411 تا 489 ہجری) اس نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے صحابہ کرامؓ پر جو استدراکات جمع کیے ان کی تعداد پچیس ہے۔

2۔ بدر الدین الزرکشی (745 ہجری) نے اپنی تصنیف ’’الاجابۃ لما استدرکتہ عائشۃ علی الصحابۃ‘‘ اس کے جمع کردہ استدراکات چوہتر ہیں۔ اسے سیوطی رحمہ اللہ نے مختصر کیا اور کچھ اضافے بھی کیے اور اپنی مختصر کا نام رکھا ’’عین الاصابۃ فیما استدرکتہ عائشۃ علی الصحابۃ‘‘ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے اکثر و بیشتر استدراکات چار کبار صحابہؓ پر ہیں:

(1) سیدنا عمر بن خطاب (2) سیدنا عبداللہ بن عمر (3) سیدنا ابوہریرہ (4) سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہم۔

اپنے استدراکات میں سے کچھ میں تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا حق پر تھیں اور کچھ استدراکات میں ان سے خطا ہوئی۔ ذیل میں ان کے استدراکات کا مختصر خاکہ پیش کیا جا رہا ہے۔

1۔ سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ کا درج ذیل مسائل میں سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے تعاقب کیا:

(1) اہل میت کا اس پر رونے کا مسئلہ

(2) التقائے ختانین پر غسل کا مسئلہ

(3) بیوی پر صدقے کے جواز کا مسئلہ

(4) حجاج کا سر منڈوانے کے بعد خوشبو استعمال کرنے کا مسئلہ

(5) ابتدائے احرام کے وقت خوشبو کا استعمال

(6) عورت کی قبر میں کون کون اتر سکتا ہے؟

(7) عصر کے بعد دو رکعات پڑھنے کا مسئلہ

(8) اجتماعی غسل خانوں میں مردوں اور عورتوں کے داخلے کا مسئلہ

(الاجابۃ لا یراد ما استدرکتہ عائشۃ علی الصحابہ للزرکشی: صفحہ 76، 84)

2۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما پر استدراکات:

(1) اہل میت کے میت پر رونے سے میت کو عذاب ہوتا ہے۔

(2) حالت احرام میں خوشبو کے استعمال کا مسئلہ

(3)  رجب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمرے کا مسئلہ

(4) جنازے کے پیچھے جانے والے کے اجر کا مسئلہ

(5) عورتوں کے لیے حج و عمرہ میں موزے کاٹنے کا حکم

(6) بوسے سے وضو لازم نہیں۔

(7) اچانک موت کا حکم

(8) سیدنا بلال اور سیدنا ابن ام مکتوم رضی اللہ عنہما کی اذانوں کی ترتیب کا بیان

(9) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمانا: ’’مہینہ انتیس دنوں کا ہوتا ہے۔‘‘

(10) قلیب بدر میں پڑے ہوئے مردوں کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا خطاب 

(الاجابۃ ما استدرکتہ عائشۃ علی الصحابۃ للزرکشی: صفحہ 102، 110)

3۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ پر استدراکات:

(1)  جنبی کے روزہ رکھنے کا مسئلہ

(2)  نحوست تین چیزوں میں ہونے کا مسئلہ

(3) پشت کے بل لیٹ کر نماز پڑھنے کا مسئلہ

(4) عصر کے بعد دو رکعات پڑھنے کا مسئلہ

(5) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کفن کی تفصیل

(6) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز وتر کا مسئلہ (حوالہ سابقہ: صفحہ 87، 101۔ السیدۃ عائشۃ و توثیقہا للسنۃ لجیہان رفعت فوزی: صفحہ 85)