Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

تیسرا مبحث سیدہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے حکمت بھرے اقوال زریں

  علی محمد الصلابی

تیسرا مبحث

سیدہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے حکمت بھرے اقوال زریں

(مزید مطالعہ کے لیے مشاہیر النساء المسلمات لعلی بن نایف اشحود: صفحہ 56 سے استفادہ کریں۔)

1۔ جو چیز اللہ کے پاس ہے وہ غیر اللہ سے نہ مانگو کیونکہ غیر اللہ سے مانگنے سے اللہ تعالیٰ غضب ناک ہوتا ہے۔

(المجالسۃ و جواہر العلم للدینوری: جلد 5 صفحہ 22۔)

2۔ ہر وہ باعث عزت کام جس کا انجام ملامت ہو تو وہ قابل ملامت ہے اور ہر وہ باعث عار و ملامت کام جس کا انجام عزت ہو تو وہ باعث شرف ہے۔

(البیان و التبیین للجاحظ: جلد 2 صفحہ 67 الفاضل للمبرد: صفحہ 7۔)

3۔ بے شک اللہ کی ایک مخلوق ہے ان کے دل پرندوں کی طرح ہیں جونہی ہوا چلے وہ ہوا کے ساتھ ہی ہلنے لگتے ہیں پس بزدلوں پر تف ہو پس بزدلوں پر تف ہو!

(نہایۃ الارب للنویری: جلد 3 صفحہ 318)

4۔ جو اللہ کی رضا کے لیے لوگوں کو ناراض کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے لوگوں کی طرف سے کافی ہو جاتا ہے اور جو اللہ کو ناراض کر کے لوگوں کو راضی کرنا چاہے تو اللہ تعالیٰ اسے لوگوں کے سپرد کر دیتا ہے۔

(الزہد للامام احمد رحمہ اللہ: صفحہ 164)

5۔ تم گناہ کم کیا کرو کیونکہ تم اللہ عزوجل کے پاس قلت ذنوب سے افضل کوئی چیز نہیں لے جا سکتے۔

(حوالہ سابقہ: صفحہ 165)

6۔ بے شک تم افضل ترین عبادت  سے غفلت کرتے ہو (یعنی التواضع)

(حوالہ سابقہ: صفحہ 164)

7۔ بے شک بندہ جب اللہ کی معصیت کا مرتکب ہوتا ہے تو لوگوں میں سے اس کی تعریف کرنے والا اس کی مذمت کرنے والا بن جاتا ہے۔

(حوالہ سابقہ: صفحہ 165)

8۔ افضل ترین عورت وہ ہے جو نہ بدکلامی کرے اور نہ ہی مردوں کے دھوکے میں آئے۔ اس کا دل ہر قسم کی سوچ سے خالی ہو سوائے اپنے خاوند کے لیے زینت کرنے کے اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت پر گامزن رہنے کے۔

(محاضرات الادباء للراغب الاصبہانی: جلد 2 صفحہ 222)

9۔ تم رزق زمین کی پہنائیوں میں تلاش کرو۔

(ابو یعلیٰ: جلد 7 صفحہ 347، حدیث نمبر: 4384۔ المعجم الاوسط للطبرانی: جلد 1 صفحہ 274، حدیث نمبر: 895۔ شعب الایمان للبیہقی: جلد 2 صفحہ 87 حدیث نمبر: 1233)

10۔ آپ رضی اللہ عنہا نے ایک بدحال آدمی دیکھا تو پوچھا: اسے کیا ہوا ہے؟ آپ رضی اللہ عنہا کو بتایا گیا: یہ زاہد ہے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ بھی زاہد تھے، لیکن جب وہ بات کرتے تو ان کی آواز گونج دار ہوتی اور جب چلتے تو سب سے تیز ہوتے اور جب اللہ کی راہ میں جہاد کرتے تو کافروں کو زخموں سے چور چور کر دیتے۔

(نثر الدر لمنصور الآبی: جلد 4 صفحہ 14)

11۔ تم اپنی اولاد کو اشعار کی تعلیم دو وہ شیریں کلام ہو جائیں گے۔

(العقد الفرید لابن عبد ربہ: جلد 6 صفحہ 9)

12۔ تقویٰ کی شان اللہ نے کتنی بلند کی ہے کہ غصیلے آدمی کی شفا صرف اللہ کے تقویٰ میں ہے۔

(نثر الدر لمنصور الآبی: جلد 4 صفحہ 15۔ تفسیر الخازن: جلد 1 صفحہ 298۔ التذکرۃ الحمدونیۃ لابن حمدون: جلد 1 صفحہ 145)

13۔ صرف تین آدمیوں کے لیے شب بیداری جائز ہے: (1) نمازی کے لیے (2) دلہن کے لیے (3)مسافر کے لیے۔

( الاخبار لابن قتیبۃ: جلد 1 صفحہ 226 عیون)

14۔ بے شک تم قلت گناہ سے بہترین کوئی تحفہ اللہ کے پاس نہیں لے جا سکتے۔ لہٰذا جسے یہ بات خوش کرے کہ وہ دائمی تہجد گزار سے آگے بڑھ جائے تو وہ اپنے نفس کو کثرت گناہ سے روک لے۔

(الزہد لابی داود: حدیث نمبر: 326(

15۔ انھیں بتایا گیا کہ کچھ لوگ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کو گالیاں دیتے ہیں تو سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے اگرچہ صحابہ کرامؓ کے اعمال منقطع کر دئیے تاہم اس کی منشاء ہے کہ ان کے لیے اجر جاری رہے۔

(نثر الدر لمنصور الآبی: جلد 4 صفحہ 14)

16۔ نیز سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: انھیں حکم دیا گیا تھا کہ وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب کے لیے استغفار کریں اس حکم کی اطاعت کے برعکس وہ انھیں گالیاں دیتے ہیں۔

(صحیح مسلم: حدیث نمبر: 3022)