Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

نام و نسب کنیت اور پیدائش

  علی محمد الصلابی

ابو عبدالرحمٰن معاویہ بن ابو سفیان بن صخر بن حرب بن امیہ بن عبد شمس بن مناف بن قصیّ بن کلاب، قریشی، اموی مکی۔

(سیر اعلام النبلاء: جلد 3 صفحہ 120)

امیر المؤمنین، شاہ اسلام معاویہ رضی اللہ عنہ مختلف اقوال کی رو سے بعثت نبوی سے پانچ سال، سات سال یا تیرہ سال قبل پیدا ہوئے۔ ان میں سے پہلا قول زیادہ صحیح ہے۔

(الاصابۃ: جلد 6 صفحہ 151)

سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ دراز قد، خوبرو اور بڑی بارعب شخصیت کے حامل تھے، ان کے والد نے ان کے عہد طفولت ہی سے ان میں سنہرے مستقبل کے آثار بھانپ لیے تھے۔ تو وہ ان کی ماں سے کہنے لگے: میرا یہ بیٹا سردار ہو گا، یہ اپنی قوم کی زمام قیادت سنبھالنے کی بدرجہ اتم اہلیت رکھتا ہے، یہ سن کر اس کی ماں کہنے لگی: صرف اپنی قوم کی قیادت؟ میں اسے گم پاؤں اگر یہ تمام عربوں کی قیادت نہ کرے تو۔

(البدایۃ و النہایۃ: جلد 11 صفحہ 316)

ابان بن سفیان کا بیان ہے: ایک دن سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اپنی ماں ہند رضی اللہ عنہا کے ساتھ کہیں جا رہے تھے کہ وہ لڑکھڑا کر گر پڑے۔ اس پر ان کی ماں کہنے لگی: کھڑا ہو جا اللہ تجھے نہ اٹھائے، یہ منظر دیکھ کر ایک اعرابی کہنے لگا: تو نے ایسا کیوں کہا؟ واللہ! مجھے لگتا ہے کہ یہ بچہ اپنی قوم کی قیادت کرے گا۔ اس پر وہ کہنے لگی: اگر یہ صرف اپنی قوم کی قیادت کرے گا تو پھر اللہ اسے نہ اٹھائے۔

(سیر اعلام النبلاء: جلد 3 صفحہ 121)