سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا صفین سے واپسی کے بعد قبروں کے پاس سے گزرنا
علی محمد الصلابیجب امیرالمؤمنین رضی اللہ عنہ صفین سے واپس لوٹتے وقت قبروں کے پاس سے گزرے تو فرمایا: وحشت ناک اور غیر آباد گھروں کے رہنے والو! تم پر سلام ہو جو اہل ایمان اور اہل اسلام مردوں اور عورتوں میں سے ہیں۔ تم ہم سے بہت پہلے چلے آئے جبکہ ہم تمہارے پیچھے آنے والے اور عنقریب تمہیں ملنے والے ہیں، یا اللہ! ہمیں بھی معاف فرما اور انہیں بھی معاف فرما، اور اپنے لطف و کرم سے ہم سے بھی درگزر فرما اور ان سے بھی درگزر فرما۔ سب تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے زمین کو زندوں اور مردوں کو سمیٹنے والی بنایا، سب تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے تمہیں پیدا کیا، وہ زمین پر ہی تمہیں اکٹھا کرے گا اور اسی میں سے تمہیں اٹھائے گا، اس شخص کو مبارک ہو جس نے آخرت کو یاد کیا، حساب کے لیے تیاری کی اور قناعت سے نوازا گیا۔
(البیان و الیقین از جاحظ: جلد 3 صفحہ 148۔ فرائد الکلام للخلفاء الکرام: ص: 327)