غیر مسلموں سے سلام کا طریقہ
سوال: غیر مسلموں سے سلام لینا جائز ہے یا نہیں؟ اور اگر وہ سلام کہیں تو جواب کیسے دینا ہے؟
جواب: صحیح مسلم میں اللہ تعالیٰ کے رسولﷺ کا فرمان ہے کہ: اہلِ کتاب (یہود و نصارٰی) کو سلام کرنے میں پہل نہ کرو اور جب تم میں سے کسی کو ان میں سے کوئی راستے میں ملے تو اس کو تنگ حصے کی طرف مجبور کرو۔
صحیحین میں سیدنا انسؓ کی روایت ہے کہ رسولﷺ نے فرمایا جب تم اہلِ کتاب سلام کہیں تو انہیں جواب میں سے وعلیکم کہنا چاہیئے اس سے زیادہ جواب دینا درست نہیں۔
اور یہ بات مسلم ہے کہ اہلِ کتاب دوسرے تمام کافروں سے بہتر ہیں، ان کی عورتوں سے نکاح بھی جائز ہے مشرکین اور دہریہ ان سے بہت بدتر ہیں۔ جب اہلِ کتاب کو سلام کی ابتداء نہیں کر سکتا تو دوسرے کفار کو سلام میں پہل کرنا بالاولیٰ درست نہ ہوگا اور جواب میں وعلیکم سے زیادہ کہنا صحیح نہیں۔
(آپ کے مسائل اور ان کا حل: جلد، 1 صفحہ، 494)