کفار کے مذہبی تہواروں میں شرکت کرنا
کفار کے میلے تہواروں میں شریک ہو کر ان کے میلے اور مذہب جلوس کی شان و شوکت بڑھانا کفر ہے۔ اسی طرح ان کے تہواروں کے دن محض اس وجہ سے چیزیں خریدنا کہ کفار کا تہوار ہے یہ بھی کفر ہے۔ اسی طرح کوئی چیز خرید کر اس روز مشرکین کے پاس ہدیہ کرنا جب کہ مقصود اس دن کی تعظیم ہو تو کفر ہے۔
مسلمانوں پر اپنے دین و مذہب کا تحفظ لازم ہے، دینی حمیت اور دینی غیرت سے کام لینا چاہیے، کہ کفری کاموں سے الگ رہیں، مگر افسوس کے مشرکین تو مسلمانوں سے اجتناب کریں اور مسلمان ہیں کہ ان سے اختلاط رکھتے ہیں، اس میں سراسر مسلمانوں کو نقصان ہے۔
اسلام خدا تعالیٰ جل شانہ کی بڑی نعمت ہے، اس کی قدر کرو اور جس بات میں ایمان کا نقصان ہے اس سے دور بھاگو، ورنہ شیطان گمراہ کرے گا اور یہ دولت تمہارے ہاتھ سے جاتی رہے گی، پھر کف افسوس ملنے کے سوا کچھ ہاتھ نہ آئے گا۔
(بہار شریعت: جلد، 2 صفحہ، 466 حصہ نہم)