قضاء کے بارے میں سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے نام سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا خط
علی محمد الصلابیالثاني عشر: قضاء کے بارے میں سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے نام سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا خط
سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے نام ایک خط لکھا، جس کا مضمون تھا: اما بعد، میں قضاء کے بارے میں تمہیں ایک خط لکھ رہا ہوں:
1۔ پانچ خصلتیں اختیار کریں اس سے تمہارا دین بھی محفوظ رہے گا اور اس میں تمہیں اپنا بہترین حصہ بھی میسر آئے گا:
(تاریخ القضاء فی الاسلام: صفحہ 215)
جب تمہارے سامنے جھگڑا کرنے والے دو فریق حاضر ہوں تو عادل گواہ اور قطع کرنے والی قسم کو لازم پکڑنا، یہی اس قاضی کا راستہ ہے جو عالم الغیب نہیں ہے۔ جو شخص یہ طریق کار اختیار کرے گا اس کا دین بھی محفوظ رہے گا اور وہ آخرت میں بھی بہترین حصہ اور ثواب حاصل کرے گا۔
(المبسوط للسرخسی: جلد 16، صفحہ 66، تہذیب ابن عساکر: جلد 6 صفحہ 306)
قطع کرنے والی قسم کا معنیٰ یہ ہے کہ اس سے خصومت اور تنازع ختم ہو جائے۔
(نظام الحکم فی الشریعۃ و التأریخ الاسلامی: جلد 2 صفحہ 465)
2۔ کمزور آدمی کو اس قدر اپنے قریب کریں کہ اس کا دل مضبوط ہو جائے اور اس کی زبان کھل جائے۔
(المبسوط للسرخسی: جلد 16 صفحہ 66)
اس سے ان کا مقصد ضعیف کو طاقتور پر مقدم رکھنا نہیں تھا بلکہ فریقین کے ساتھ برابر کا سلوک کرنا تھا، اس لیے کہ طاقتور تو اپنی طاقت کی وجہ سے ازخود قریب ہو جاتا ہے جبکہ کمزور آدمی اس کی جسارت نہیں کر سکتا، طاقتور آدمی اپنی دلیل خود پیش کر سکتا ہے جبکہ کمزور آدمی ایسا کرنے سے قاصر رہتا ہے، لہٰذا قاضی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضعیف شخص کو اپنے قریب کرے تاکہ اس کا دل مضبوط ہو جائے اس کی زبان کھل جائے اور وہ آزادانہ انداز میں اپنی دلیل پیش کر سکے۔
(نظام الحکم فی الشریعۃ و التأریخ الاسلامی: جلد 2 صفحہ 465)
3۔ غریب الدیار کا خیال رکھنا، اس لیے کہ اگر تم نے اس کا خیال نہ رکھا تو وہ اپنا حق ترک کر کے اپنے اہل خانہ کے پاس واپس لوٹ جائے گا۔ بسا اوقات وہ شخص اس کا حق ضائع کر دے گا جو اس کے ساتھ اس کا سر اوپر نہیں اٹھائے گا۔
(ایضاً: جلد 2 صفحہ 465)
کہا گیا ہے کہ غریب الدیار لوگوں کو مقدم رکھنے کا حکم اس وقت کے لیے ہے جب مجلس قضاء میں لوگوں کا رش ہو، اس لیے کہ غریب الدیار شخص کا دل اس کے اہل خانہ کے ساتھ الجھا ہوتا ہے، لہٰذا قاضی کو چاہیے کہ اس کا مقدمہ پہلے سن لے تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے پاس واپس جا سکے، خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم غریب الدیار لوگوں کا بڑا خیال رکھا کرتے تھے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سے مراد یہ ہے کہ غریب الدیار شخص شکستہ دل ہوتا ہے، اگر قاضی اس کا خیال نہیں رکھے گا تو وہ اپنی حجت کے اظہار سے بے بسی محسوس کرے گا اور حق چھوڑ کر واپس چلا جائے گا اور اس طرح قاضی اس کے حق کو ضائع کرنے کا سب بنے گا کیونکہ اس نے اس کی حوصلہ افزائی نہیں کی۔
4۔ جب تک تم کسی فیصلہ کن نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے لوگوں میں صلح کروانے کو اپنا وطیرہ بناؤ۔
(ایضاً: جلد 4 صفحہ 465)
سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا یہ حکم اس بات کی دلیل ہے کہ قاضی کے لیے فریقین میں صلح کروانا مستحسن ہے خصوصاً جب کیس میں الجھاؤ ہو اور کسی نتیجہ پر پہنچنا مشکل ثابت ہو رہا ہو۔
(ایضاً: جلد 2 صفحہ 465)