سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہت
علی محمد الصلابی1۔ ابوخالد سے مروی ہے کہتے ہیں: میں نے ابوجحیفہ رضی اللہ عنہ سے پوچھا: کیا آپ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا ہے؟ فرمایا: ہاں، آپﷺ سے سب سے زیادہ مشابہ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما تھے۔
(الطبقات الکبریٰ: الطبقۃ الخام سۃ من الصحابۃ: جلد 1 صفحہ 245 صحیح بخاری: رقم: 3544)
2۔ عقبہ بن حارثؓ سے مروی ہے کہتے ہیں: میں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھا، آپ کا گزر حسن بن علی رضی اللہ عنہما کے پاس سے ہوا، آپ نے انھیں اپنے کندھوں پر اٹھا لیا پھر فرمایا: میرے والد سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے مشابہ کے بجائے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ پر قربان ہوں، کہتے ہیں کہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ بھی ساتھ تھے، چنانچہ وہ ہنسنے لگے۔
(صحیح بخاری: رقم: 3750)
عقبہ بن حارثؓ کی دوسری روایت میں ہے کہتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے چند دنوں بعد نماز عصر پڑھ کر میں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے ساتھ نکلا، سیدنا علی رضی اللہ عنہ آپ کے ساتھ چل رہے تھے، آپ کا گزر سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما کے پاس سے ہوا، وہ چند بچوں کے ساتھ کھیل رہے تھے، چنانچہ آپ نے انھیں اپنے کندھے پر اٹھاتے ہوئے فرمایا: میرے والد سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے مشابہ کے بجائے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ پر قربان ہوں، اس پر سیدنا علی رضی اللہ عنہ ہنسنے لگے۔
( الطبقات الکبریٰ: جلد 1 صفحہ 247 اس کی سند صحیح ہے)
بعض لوگوں کے جھوٹے دعوے کے برخلاف یہ حدیث سیدنا ابوبکر صدیق اور علی رضی اللہ عنہما کے مابین محبت اور اچھے تعلقات کی حقیقت کو واضح کرتی ہے۔
3۔ ہانی بن ہانی علی رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں آپ فرماتے ہیں: سینے سے لے کر سر تک سیدنا حسن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہ تھے، اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہ اس سے نیچے کے حصے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہ تھے۔
(الطبقات الکبریٰ: جلد 1 صفحہ 247 اس کی سند ضعیف ہے۔)
4۔ عاصم بن کلیب سے مروی ہے کہتے ہیں: مجھ سے میرے والد نے بیان کیا کہ انھوں نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو کہتے ہوئے سنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے مجھے خواب میں دیکھا اس نے حقیقت میں مجھ کو دیکھا، اس لیے کہ شیطان میری شکل نہیں اختیار کرسکتا، میرے والد کہتے ہیں: میں نے عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کو بتایا کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا ہے، فرمایا: کیا واقعی تم نے دیکھا ہے؟ میں نے کہا: ہاں اللہ کی قسم میں نے دیکھا ہے، فرمایا: تو تمھیں حسن بن علی رضی اللہ عنہما کی یاد آئی؟ میں نے کہا: ہاں، اللہ کی قسم مجھے ان کی اور دائیں بائیں جھک کر ان کے چلنے کی یاد آئی، سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں: وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ تھے۔
(الطبقات الکبریٰ: جلد 1 صفحہ 248 اس کی سند حسن ہے۔)
5۔ زبیر رضی اللہ عنہ کے مولیٰ بہی سے مروی ہے کہتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے آپ کے خاندان میں سے کون لوگ مشابہ تھے، ان کا اہم تذکرہ کر رہے تھے، ہمارے پاس عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ آئے اور کہا: میں تمھیں آپ کے خاندان میں سے سب سے زیادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہ اور آپ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب کی خبر دے رہا ہوں، وہ حسن بن علی رضی اللہ عنہ ہیں، میں نے دیکھا ہے کہ آپﷺ سجدے میں ہوتے اور وہ آکر آپ کی گردن یا پیٹھ پر سوار ہوجاتے، آپﷺ انھیں اتارتے نہیں تاآنکہ وہ خود اتر جاتے، اور میں نے دیکھا ہے کہ آپﷺ رکوع میں ہوتے وہ آتے تو آپﷺ اپنے دونوں پاؤں کے درمیان کشادگی کردیتے تاکہ وہ دوسری طرف نکل جائیں۔
(الطبقات الکبریٰ: جلد 1 صفحہ 249) اس کی سند ضعیف ہے۔)
6۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: حسن بن علی رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سب سے زیادہ مشابہ تھے۔
(الصحیح المسند من فضائل الصحابۃ للعدوی: صفحہ 263)
انھی سے مروی ہے کہتے ہیں: سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنہما کا چہرہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرے سے سب سے زیادہ مشابہ تھا۔
(ذخائر ذوی القربی: صفحہ 221)
7۔ فاطمہ بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ وہ حسن و حسین رضی اللہ عنہما کو لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آپ کے مرض الموت کے موقع پر آئیں اور کہا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم یہ دونوں آپ کے بچے ہیں، انھیں کچھ ورثے میں عطا کر دیں، آپﷺ نے فرمایا: حسن کے لیے میرا رعب و دبدبہ ہے اور سرداری ہے، اور حسین کے لیے میری جرأت و سخاوت ہے۔
(الاحادیث الواردۃ بشأن السبطین: صفحہ 287) یہ حدیث سخت ضعیف ہے۔)
8۔ ابوملیکہ سے روایت ہے کہتے ہیں: سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سیدنا حسن رضی اللہ عنہ کو اٹھا لیتیں اور کہتی تھیں: میرا لاڈلا بچہ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے بجائے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشابہ ہے۔
(مجمع الزوائد: جلد 9 صفحہ 176 یہ حدیث مرسل ہے اور اس میں زمعہ بن صالح لین الحدیث ہے۔)
9۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مشابہت رکھنے والے جعفر بن ابوطالب، حسن بن علی، ابوسفیان بن حارث، قثم بن عباس، اور سائب بن عبید بن عبد یزید بن ہاشم بن مطلب رضی اللہ عنہم تھے۔
(التبیین فی انساب القرشیین: صفحہ 102)
10۔ ابواسحاق سے مروی ہے کہ انھوں نے ہبیرہ بن مریم سے سنا کہ انھوں نے علی رضی اللہ عنہ کو کہتے ہوئے سنا ہے: جو گردن سے لے کر چہرے اور بال تک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہ شخص کو دیکھنا پسند کرتا ہو وہ سیدنا حسن بن علی رضی اللہ عنھما کو دیکھے، اور جو گردن سے لے کر ٹخنے تک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ مشابہ شخص کو دیکھنا پسند کرتا ہو وہ سیدنا حسین بن علی رضی اللہ عنہما کو دیکھے۔
(الشریعۃ للآجری: جلد 5 صفحہ 2146)