شیعہ سنی اتحاد پر اشکال کا جواب
سوال: بعض فرنگی تہذیب کے لوگ یہ اعتراض کرتے ہیں کہ حضرت مولانا حسین احمد مدنی صاحبؒ ہندوؤں کے ساتھ اتحاد کرتے رہے اور انگریزوں کی مخالفت کرتے رہے، حالانکہ انگریز اہلِ کتاب ہیں اور ہندو نہیں۔ اس لیے جنگ ہندو سے چاہیے تھی، نہ کہ انگریز سے؟
جواب: ہندوستان کے عہدِ غلامی میں مسئلہ یہ نہیں تھا کہ ہندؤوں یا انگریزوں میں سے کون اہلِ کتاب ہے؟ اصل مسئلہ استخلاصِ وطن تھا کہ ملک کو غیر ملکی غاصبوں سے کس طرح آزاد کرایا جائے؟ جو اس ملک کی دولت سمیٹ کر اپنے ملکوں میں لے جا رہے ہیں اور یہاں کے رہنے والوں کو محض بھکاری بنانے پر تلے ہوئے ہیں ۔
ظاہر ہے کہ اس سلسلے میں ہندو ہمارے شریکِ وطن تھے اور انگریز اہلِ کتاب میں شمار ہوتے ہوئے بھی ایک غیر ملکی حکمران تھے۔ جو ہم پر دھوکے اور فریب کے شاطرانہ انداز میں مسلط ہو گئے تھے۔ مسلم لیگ جو ہندو دشمنی کی سب سے بڑی مناد تھی، یہ نعرہ تو اس کا بھی نہیں تھا کہ ہندو کی بجائے انگریز ہمارے لیے بہتر ہیں۔ انگریز تو ہر حال اس قابل تھا کہ اس ملک سے ان کی حکومت ختم کر دی جائے اور اس تحریک کے لیے جھنڈا خواہ کانگریس کا ہو خواہ مسلم لیگ کا منزلِ مقصود یہی تھا کہ انگریز کو یہاں سے نکال دیا جائے۔
(عبقات: جلد، 1 صفحہ، 95)