Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

ثالثا عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب ہاشمی رضی اللہ عنہ

  علی محمد الصلابی

آپ سردار عالم، ابوجعفر، عبداللہ بن جعفر بن ابی طالب بن عبدالمطلب بن ہاشم، قرشی، ہاشمی ہیں۔ آپ کی ولادت حبشہ میں ہوئی، سکونت مدینہ میں رہی، آپ سخی ابن سخی ہیں۔ آپ کا لقب ذو الجناحین ہے۔

(سیر أعلام النبلاء: جلد 3 صفحہ 456 )

آپ کی والدہ اسماء بنت عمیس خثعمیہ رضی اللہ عنہا ہیں جو میمونہ بنت حارث رضی اللہ عنہا کی اخیافی بہن ہیں، ان کے بطن سے عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما حبشہ میں پیدا ہوئے، آپ کی ولادت ان کی مسلم اولاد میں سب سے پہلے ہوئی۔

(الإصابۃ: جلد 4 صفحہ 36)

وہیں آپ کے بطن سے محمد و عون پیدا ہوئے۔

(الطبقات تحقیق السلمی: جلد 2 صفحہ 7)

سیدہ اسماء رضی اللہ عنہا کے بطن سے عبداللہ رضی اللہ عنہ کی پیدائش کے چند دنوں بعد نجاشی کے ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ چنانچہ جعفر رضی اللہ عنہ کو پیغام بھیجا کہ آپ نے اپنے بیٹے کا کیا نام رکھا ہے؟ جواب دیا: عبداللہ۔ چنانچہ نجاشی نے بھی اپنے بیٹے کا نام عبداللہ رکھا۔ سیدہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ عنہ اسے لے کر عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما کے ساتھ دودھ پلانے لگیں، اور دونوں کا ایک ساتھ دودھ چھڑایا، بنابریں ان کے نزدیک آپ بڑی قدر و منزلت کی مستحق ہوگئیں چنانچہ جو حبشی بھی اسلام لاتا وہ اسماء رضی اللہ عنہا کے پاس آکر حبشیوں کے حالات سے آگاہ کرتا۔

(الإصابۃ: جلد 4 صفحہ 37)

جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے شہید ہو جانے کے بعد سیدہ اسماء رضی اللہ عنہا نے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سے شادی کر لی۔ انھی کے بطن سے محمد بن ابوبکر کی ولادت ہوئی، اس کے بعد ان سے سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے شادی کی تو ان کے بطن سے یحییٰ پیدا ہوئے۔

(الطبقات: جلد 2 صفحہ 7 )

اس طرح عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما، محمد بن ابوبکر صدیق اور یحییٰ بن علی ابن ابی طالب کے اخیافی بھائی تھے۔

(أسد الغابۃ: جلد 3 صفحہ 199)

بنو ہاشم کے سب سے آخری فرد عبداللہ بن جعفر رضی اللہ عنہما تھے جنھیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رؤیت نصیب ہوئی تھی۔

 (البدایۃ والنہایۃ: جلد 12 صفحہ 300)