رجب کے کونڈوں کی شرعی حیثیت
سوال: کیا ماہ رجب کی 22 تاریخ کو جو کونڈے سیدنا جعفر صادق رحمۃ اللہ کے نام پر پکائے جاتے ہیں ان کی کوئی شرعی دلیل موجود ہے؟(عبدالستار گوجر مکہ کالونی لاہور)
جواب: رجب کے مہینے میں جو 22 تاریخ کو کونڈے پکائے جاتے ہیں اس کا شرعی طور پر کوئی ثبوت نہیں یہ رسوم و بدعات کے قبیل سے ہے اور ان کی ایجاد لکھنو میں ہوئی ہے۔
محمد حسین نجفی شیعہ مجتہد صاحب اپنی کتاب "اصلاح الرسوم الظاھرۃ بکلام العترۃ الطاھرہ" کے صفحہ، 283 پر آٹھویں باب میں(22 رجب کے کونڈے)کے ضمن میں لکھا ہے:
"منجملہ ان غلط رسوم کے ایک 22 رجب کے کونڈے بھی ہیں یہ رسم پہلے پہل ہندوستان سے نکلی اور پھر رفتہ رفتہ مختلف ممالک میں پھیل گئی اور روز بروز پھیل رہی ہے، مرزا صاحب(شیعہ مجتہد) نے اپنے انٹرویو میں تسلیم کیا ہے کہ وہ اس ایجاد کے عینی گواہ ہیں کہ ان کے سامنے لکھنؤ میں ایجاد ہوئی ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔"
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور ائمہ محدثین رحمہم اللہ اجمعین سے اس کا کوئی ثبوت نہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا صحیح البخاری وغیرہ میں ارشاد ہے:
"جس نے ہمارے اس دین میں کوئی نئی چیز ایجاد کی جو اس دین میں سے نہیں ہے وہ مردود ہے۔"
لہٰذا ایسی رسوم اور بدعات سے مکمل اجتناب کیا جائے۔