اصلاحی کارروائیوں سے باطل پرستوں کا اذیت محسوس کرنا
علی محمد الصلابیفسادی اور اجڈ بدو، اہل سبقت و جہاد اور علم و تقویٰ کے حاملین کو مجلس و ریاست اور مشورہ میں مقدم رکھنے میں اذیت محسوس کرنے لگے، اور گورنران و افسران پر اس کی وجہ سے عیب لگانا شروع کیا، اور اس کارروائی کی تمییز و ترجیح اور اپنے حق میں بے توجہی اور حق تلفی سمجھا، فسادی حاقدین نے یہ چیز ان کے دلوں میں بٹھائی اور ان کے اندر خلیفہ اور حکومت کی ناپسندیدگی اور والی کوفہ سعید بن العاص رضی اللہ عنہ کی اصلاحی کارروائیوں کے عدم قبول کا بیج بویا۔
کوفہ کے عوام نے ان حاقدین فسادیوں کی بات نہ مانی جس کی وجہ سے ان لوگوں نے سکوت اختیار کیا، اور اپنے شبہات کو چھپانے لگے، اس کو ظاہر کرنے سے رک گئے، کیوں کہ مسلمانوں کی اکثریت اس کو قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھی، لیکن خفیہ طور پر اسے اپنے ہم نوا بدوؤں، فسادیوں اور مغرور و سزا یافتہ لوگوں تک پہنچاتے رہے۔
(الخلفاء الراشدون: الخالدی: صفحہ 14)
اعدائے اسلام یہود و نصاریٰ اور مجوسی، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرتے رہے، خلیفہ اور گورنران و افسران کے خلاف جھوٹی افواہیں پھیلاتے رہے، اور بعض افسران سے جو بعض غلطیاں صادر ہوتیں انہیں لوگوں کو ان کے خلاف بھڑکانے کے لیے استعمال کرتے، اور مزید افتراء اور جعل سازی کا اضافہ کرتے، اس کے ذریعہ سے وہ مسلمانوں کے درمیان فساد اور لاقانونیت کو پھیلانا چاہتے، اور ان کے درمیان افتراق و اختلافات کو ہوا دیتے تاکہ اس طرح اسلام کے خلاف ان کے غم و غصہ کو غذا ملے جس نے ان کے ادیان باطلہ کو ختم کیا۔ وہ چاہتے تھے کہ اسلامی نظام حکومت کا انہدام ہو جس نے ان کی سلطنت کا خاتمہ کیا اور ان کے لشکر کو تباہ کیا۔
ان اعداء اسلام نے اپنے مقاصد و عزائم کی تکمیل کے لیے فسادیوں، سادہ لوح اور ابلہ قسم کے لوگوں کو استعمال کیا، اور ایسے لوگوں کے گرد وہ حاقدین جمع ہو گئے جن کو خلیفہ یا کسی افسر نے ان کے جرائم کی پاداش میں انہیں سزائیں دی تھیں، اور پھر ان دشمنوں نے خباثت سے بھرپور ایک خفیہ تنظیم قائم کی، جنھوں نے ان کی بات مانی انہیں اس کا ممبر بنایا، اور بڑے بڑے شہروں اور مختلف صوبوں میں اپنے کارندوں کو پھیلا دیا، اور ان کے درمیان اتصال و رابطہ کا ایک خفیہ جال بچھا دیا۔
(الخلفاء الراشدون: الخالدی: صفحہ 14)
ان کی اس خبیث تنظیم کی اہم شاخیں کوفہ، بصرہ اور مصر میں تھیں اور ان کے بعض عناصر مدینہ اور شام میں بھی تھے۔
(الخلفاء الراشدون: الخالدی: صفحہ 124)