Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

قعقاع بن عمرو تمیمی رضی اللہ عنہ فساد کے قائدین کو قتل کرنے کی رائے دیتے ہیں

  علی محمد الصلابی

جب سبائی اور فسادی لوگ فتنہ و فساد، تمرد و عصیان اور شور و ہنگامہ کرتے ہوئے مسجد سے نکل گئے اور مسجد میں بردبار و شریف اور شرف و منزلت کے حاملین رہ گئے تو نائب والی عمرو بن حریث منبر پر تشریف لائے، اور خطاب کیا، اور مسلمانوں سے اخوت و وحدت کی اپیل کی، اور اختلاف و تفرق اور فتنہ و خروج سے منع کیا اور سرکشوں، فسادیوں اور خروج کرنے والوں کی بات نہ ماننے کی دعوت دی۔

(الخلفاء الراشدون: الخالدی: صفحہ 139) 

اس موقع پر حضرت قعقاع بن عمرو تمیمیؓ نے کہا: کیا آپ سیلاب کے چڑھاؤ کو روکنا چاہتے ہیں، اگر یہ ارادہ ہے تو فرات کو اس کے رخ سے موڑ دو، ایسا ہو نہیں سکتا۔ اللہ کی قسم! اس ہنگامہ و فساد کو صرف تلوار ٹھنڈا کر سکتی ہے۔ قریب ہے کہ تلواریں میان سے نکالی جائیں، پھر یہ سب بکری کے بچوں کی طرح چلائیں گے اور جس نعمت میں ہیں اس کی تمنا کریں گے لیکن وہ کبھی واپس نہ آئے گی، صبر کیجیے۔

عمرو بن حریث نے کہا: میں صبر کرتا ہوں، اور پھر وہ اپنے گھر چلے گئے۔

(تاریخ الطبری: جلد 5 صفحہ 338)