ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ امن و امان قائم کرتے ہیں اور تمرد و سر کشی کو ختم کرتے ہیں
علی محمد الصلابیحضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے امن و امان قائم کیا اور لوگوں کو تمرد سے منع کیا اور ان سے کہا: لوگوں اس طرح مخالفت پر نہ اترو، عصیان سے باز آجاؤ، جماعت اور اطاعت کو لازم پکڑو، جلد بازی سے بچو، صبر سے کام لو، گویا تم نئے امیر کے ساتھ ہو۔ (یعنی امیر المؤمنین عثمان رضی اللہ عنہ کی طرف سے آنے والا ہے۔)
لوگوں نے کہا: آپ نماز پڑھایے، حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ نے فرمایا: اس وقت تک نہیں جب تک کہ تم حضرت عثمان بن عفانؓ کی سمع و اطاعت کا وعدہ نہیں کرتے۔ لوگوں نے کہا: ہم حضرت عثمان غنیؓ کی سمع و اطاعت کا وعدہ کرتے ہیں۔
(تاریخ الطبری: جلد 5 صفحہ 339)
دراصل یہ لوگ اپنے قول میں سچے نہ تھے، بلکہ اپنے حقیقی مقاصد و اہداف کو دوسروں سے چھپاتے تھے۔ حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ لوگوں کو نماز پڑھاتے رہے، یہاں تک کہ سیدنا عثمان غنیؓ کا خط آپ کو پہنچا جس میں آپ کو کوفہ کا والی مقررکیا گیا تھا، اور جب 34ھ میں کوفہ کے اندر امن و امان ایک حد تک بحال ہو گیا تو حضرت حذیفہ بن یمانؓ ’’آذربیجان‘‘ اور ’’الباب‘‘ کی طرف لشکر جہاد کی قیادت کرتے ہوئے لوٹے، اور گورنر و افسرانِ فارس کے مختلف مناطق میں اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر واپس ہو گئے۔
(الخلفاء الراشدون: الخالدی: صفحہ 142)