رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کی طرف سے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو چند چیزوں کی ممانعت:
علی محمد محمد الصلابیرسول اللہ صلی الله عليه وسلم کی طرف سے علی رضی اللہ عنہ کو چند چیزوں کی ممانعت:
عبداللہ بن حنین اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ رسول اللہﷺ نے مجھے سونے کی انگوٹھی، ریشم اور زرد رنگ کا کپڑا پہننے سے اور رکوع کی حالت میں تلاوت قرآن سے منع فرمایا۔ آپﷺ نے مجھے زرد ریشم کا دھاری دار جوڑا عطا کیا، میں اسے پہن کر باہر نکلا، آپﷺ نے دیکھ کر فرمایا:
یَا عَلِیُّ! اِنِّیْ لَمْ أَکْسَکْہَا لِتَلْبِسَہَا۔
’’اے علی! میں نے تمھیں اس لیے نہیں دیا تھا کہ خود پہنو۔‘‘
سیدنا علیؓ کا بیان ہے کہ میں اسے لے کر حضرت فاطمہؓ کے پاس آیا اور اس کا ایک سرا ان کے ہاتھ میں دیا، فاطمہ نے اسے پکڑا اور وہ اسے لپیٹنا چاہتی تھیں، لیکن میں نے اسے دو ٹکڑوں میں پھاڑ دیا، فاطمہ کہنے لگیں، اے ابوطالب کے بیٹے! تم نے یہ کیا کیا؟ حضرت علیؓ کہتے ہیں کہ میں نے کہا: اللہ کے رسولﷺ نے مجھے اس کو پہننے سے منع فرمایا ہے، تم خود اسے پہنو اور اپنی سہیلیوں کو پہناؤ۔
(مسند أحمد: الموسوعۃ الحدیثیۃ: حدیث نمبر 1365) اس کی سند حسن ہے۔)