کفار اور باطل فرقوں سے بیزاری اور اہلِ حق سے وابستگی ضروری ہے
کفار اور باطل فرقوں سے بیزاری اور اہلِ حق سے وابستگی ضروری ہے
سوال: ہم پاک سر زمین سے باہر رہنے والے لوگوں کو جب بھی کوئی پاکستانی رسالے، ڈائجسٹ پر نظر پڑے تو ہم ضرور خرید کر پڑھتے ہیں، اور پھر وہ ہاتھوں ہاتھ دیگر دوستوں تک بھی پہنچ جاتا ہے۔ لیکن مقبولیت اس رسالے کو ملتی ہے جو سیاست کی غلاظت اور مذہبی فرقہ بازی سے پاک ہو۔
آپ سے صرف اتنی بات کہنی ہے کہ جب اللہ تعالیٰ جل شانہ، رسولﷺ کتاب اور کعبہ ایک ہے تو پھر صرف اسلام اور دین کی بات کریں، اس کے آگے یا پیچھے دیوبندی، بریلوی، اہلِ حدیث وغیرہ کی اضافت لگا کر بات کو مشکوک نہ کریں۔جب ہماری ذندگی اور موت صرف اللّٰہ تعالیٰ جل شانہ کیلئے ہے تو صرف اللّٰہ تعالیٰ جل شانہ اور رسول کی بات لکھنا کافی ہے۔ فریق بنانا یا بننا پسندیدہ بات نہیں، ہم مسلم ہیں اور ہمارا ایک ہی فریق ہے، ایک ہی گروپ ہے، اور وہ مسلم ہے۔ اس سے آگے تفرقہ اور نفرت ہے۔ جسے اللّٰہ تعالیٰ جل شانہ پسند کرتا ہے نہ رسول اللہﷺ اور نہ اللہ تعالیٰ جل شانہ کے بندے۔
امید ہے کہ آپ برا منانے کے بجائے ایک مسلم اور اچھے مسلم کی حیثیت سے میری بات پڑھیں گے، اللہ تعالیٰ جل شانہ ہمیں اتحاد و اتفاق کی برکات سے نوازے اور فرقہ بازی سے پاک رکھے۔
جواب: ایک مسلمان کیلئے جہاں اللّٰہ تعالیٰ جل شانہ اور اس کے رسولﷺ کے دوسرے احکام پر عمل کرنا ضروری ہے، وہاں گمراہ اور باطل سے بیزاری اور اہلِ حق کے ساتھ وابستگی بھی ضروری ہے، یہ بھی اللہ تعالیٰ جل شانہ اور اس کے رسولﷺ کا ہی حکم ہے:
يٰۤـاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَكُوۡنُوۡا مَعَ الصّٰدِقِيۡنَ ۞
ترجمہ: اے ایمان والو ڈرتے رہو اللہ سے اور رہو ساتھ سچوں کے۔
(آپ کے مسائل اور ان کا حل:جلد:1:صفحہ:393)