Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

اصحاب صفہ رضی اللہ عنہم کی تاریخ کے سلسلہ میں مستند کتابیں

  نقیہ کاظمی

اصحابِ صفہ رضی اللہ عنہم کی تاریخ کے سلسلہ میں مستند کتابیں

سب سے پہلے اصحابِ صفہ رضی اللہ عنہم کی زندگی اور ان کے حالات پر قلم اٹھانے والے مؤرخوں کے امام محمد بن سعدؒ۔
المتوفی 330 ہجری ہیں، انہوں نے اپنی کتاب الطبقات الکبریٰ میں مستقل باب اور فصل قائم کرکے ان کے حالات قلم بند فرمائے ہیں۔
واضح رہے کہ الطبقات الکبریٰ میں حافظ ابنِ سعدؒ نے جتنی تاریخی باتیں لکھی ہیں وہ سب علامہ محمد بن عمر بن واقد المعروف بالواقدیؒ المتوفی207 ہجری کی تاریخ سے اخذ کی ہیں، لیکن امام واقدیؒ کی کتاب کتاب المغازی کے اندر اصحابِ صفہؓ کے سلسلہ میں کوئی مستقل باب و عنوان، یا ان کی زندگی سے متعلق کسی قسم کا کوئی پہلے ہمیں نہیں ملا ہے، البتہ ان کی ایک کتاب الطبقات مفقود اور نایاب ہے اسی سے حافظ ابنِ سعدؒ نے اپنی کتاب طبقات کبریٰ میں امام واقدیؒ کی اکثر تاریخی باتیں نقل کی ہیں۔
(بحوث في تاریخ السنۃ المشرفۃ: صفحہ، 35/56)
میرے علم میں اصحابِ صفہ رضی اللہ عنہم کے سلسلہ میں مستقل تصنیف کی گئی سب سے پہلی کتاب تاریخ اہل الصفۃ ہے، جس کے مصنف حافظ ابو عبد الرحمٰن محمد بن حسین سلمی نیسا پوریؒ (المتوفی 412 ہجری) ہیں۔
(کشف الظنون للحاجی خلیفۃ: صفحہ، 286 جلد، 1)
شیخ دکتور اکرم ضیاء عمریؒ کہتے ہیں کہ یہ کتاب نایاب ہے۔ ممکن ہے کہ علامہ ابو نعیم احمد بن عبداللہ اصبہانیؒ المتوفی 430 ہجری نے اپنی کتاب حلیۃ الأولیاء میں اصحابِ صفہ رضی اللہ عنہم کی تعیین اور ان کی سوانح حیات کے سلسلہ میں اسی کتاب تاریخ اہلِ الصفۃؓ کو مأخذ و مصدر بنایا ہو، اگرچہ یہاں اس کی تصریح نہیں کی ہے، مگر اپنی کتاب حلیۃ الأولیاء جلد، 8 صفحہ، 25 کے اخیر میں تاریخ اہلِ الصفۃؓ سے حلیۃ الأولیاء میں مختلف چیزوں کے نقل کرنے کے سلسلہ میں صراحت کی ہے۔
(المجتمع المدني: صفحہ، 103)
متاخرین میں علامہ تقی الدین سُبکی المتوفی: 756 ہجری نے التحفۃ في الکلام علی اہلِ الصفہؓ کے نام سے ایک کتاب اصحابِ صفہ رضی اللہ عنہم کے سلسلے میں لکھی ہے۔
(ریکند ورف دائرۃ المعارف الإسلامیۃ: صفحہ، 106)