Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

یزید کی تابعیت

  محمد حذیفہ راجکوٹی

 یزید کی تابعیت

حامیان یزید کی طرف سے اسے بچانے کیلئے اب یہ کہا جانے لگا ہے کہ:

"اجی! یزید تو تابعی تھا اسلئے اسے "فاسق" نہیں کہا جاسکتا،اسلئے جو حضرات اسے فاسق کہتے ہیں غلط کہتے ہیں"

الجواب بعون الملك الوھاب:

سب سے پہلی بات یہ ہے کہ ہمیں یہ تسلیم ہی نہیں ہے کہ یزید تابعی ہے کیونکہ تابعی ہونے کیلئے صحابی کی اتباع ضروری ہے جبکہ یزید صحابہ کی اتباع کیا کرتا،اس نے تو صحابہ کو اپنی اتباع پر مجبور کیا،لہٰذا اس کو "تابعی" کہنا منصب "تابعیت" کی توہین ہے،بالفرض ہم مان لیتے ہیں کہ یزید تابعی تھا پھر بھی اس کی "تابعیت" اسے "فسق" سے نہیں بچاسکتی کیونکہ تابعی،فاسق ہوسکتا ہے،چنانچہ حضرت مولانا ادریس کاندھلوی رحمہ الله اپنی کتاب "حجیت حدیث" میں لکھتے ہیں کہ:

"حضرات تابعین میں جو "والذین اتبعوھم باحسان" کا مصداق ہیں،یہ طبقہ اگرچہ صحابہ کرام کے ہم مرتبہ نہیں مگر ان کا نمونہ ضرور ہے اور صحابہ کا رنگ اور ان کی خو اور بو لئے ہوئے ہے،اس طبقہ میں کچھ فاسق اور فاجر بھی ہوئے مگر کم"

(ص: 162)

معلوم ہوا کہ تابعی ہونے کے ساتھ فاسق ہونے میں کوئی استحالہ نہیں ہے،اسلئے حامیان یزید اگرچہ اپنے ممدوح کو "تابعی" کہہ کر خوش ہوجائیں لیکن فاسق وہ پھر بھی ہے۔