Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام
زبان تبدیل کریں:

پوچھتے ہیں کون ہیں صدیق اکبر

  انجم نیازی

پوچھتے ہیں کون ہیں صدیق اکبر ؓ کون ہیں
کیا کہوں ان سے صداقت کے سمندر کون ہیں

ایک تو ہیں سرور ِ کونین ﷺ غار ِ ثور میں
دوسرے ان کے علاوہ اس کے اندر کون ہیں

 کون ہیں بیٹھے ہوئے معمولی کپڑے پہن کر
مرتبے میں یہ فرشتوں کے برابر کون ہیں

مسجدِ نبوی کسے کرتی ہے جھک جھک کر سلام
کون ہیں یہ زینتِ محراب و ممبر کون ہیں

کون ہیں جن کے ارادے ہیں پہاڑوں سے بلند
بھیجنے والے اسامہ کا یہ لشکر کون ہیں

کون ہیں میرے نبیﷺ امی لقب کے جانشیں
ساری دنیا کے مسلمانوں کے رہبر کون ہیں

کون ہیں یہ جن کے آگے دب کے بیٹھے ہیں عمرؓ
کونسا مجمع ہے یہ اور یہ سخن ور کون ہیں

کون ہیں یہ جن کے آگے سر اٹھا سکتے نہیں
کون ہیں سارے صحابہ ؓ سے یہ بڑھ کر کون ہیں

انبیاء کے بعد انجم محفلِ کونین میں
مرتبے میں سب سے اعلیٰ سب سے بہتر کون ہیں