Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

شراب سے منع کرنا کیوں کہ یہ ام الخبائث ہے

  علی محمد الصلابی

شراب سے منع کرنا کیوں کہ یہ اُم الخبائث ہے

سنن نسائی اور سنن بیہقی میں سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپؓ نے فرمایا:

اجتنبوا الخمر فانھا ام الخبائث۔

ترجمہ: ’’شراب سے بچو یہ اُم الخبائث ہے۔‘‘

گزشتہ اقوام میں ایک شخص بڑا عابد و زاہد تھا، ایک عورت نے اس پر فریفتہ ہو کر اس کو گمراہ کر دیا، اس نے اس شخص کے پاس اپنی لونڈی کو بھیجا، اس نے آ کر اس عابد شخص سے کہا کہ وہ خاتون آپ کو گواہی کے لیے بلا رہی ہے، یہ شخص اس لونڈی کے ساتھ چل پڑا، جب اس کے قصر میں پہنچا تو جب دروازے سے گزرتا یہ لونڈی اس دروازے کو بند کرتی جاتی، یہاں تک کہ وہ ایک حسن و جمال کی پیکر خاتون کے پاس پہنچا اس کے پاس ایک لڑکا اور شراب کا مٹکا تھا، اس حسینہ نے اس عابد سے کہا کہ میں نے تمہیں شہادت کے لیے نہیں بلایا ہے، بلکہ تمہیں اس لیے بلایا ہے کہ تم یا تو مجھ سے صحبت کرو یا ایک پیالہ شراب نوش کر لو یا اس بچے کو قتل کر دو۔ (اس کے علاوہ تمہارے لیے کوئی چارہ نہیں، اس نے اسی میں عافیت سمجھی کہ شراب پی لی) اس نے کہا مجھے ایک پیالہ شراب دے دو جب اس نے اس کو ایک پیالہ شراب پلایا تو اس نے مزید مطالبہ کیا یہاں تک کہ اس کے ساتھ زنا بھی کیا، اور اس بچے کو قتل بھی کیا۔ لہٰذا لوگو! شراب سے بچو، اللہ کی قسم ایمان اور شراب نوشی دونوں اکٹھے نہیں ہو سکتے، دونوں میں سے کوئی ایک اس سے ضرور نکل باہر ہوں گے۔

(سنن النسائی: کتاب الاشربۃ، موسوعۃ فقہ عثمان: صفحہ، 52)