سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کی شہادت کی تاریخ، شہادت کے وقت عمر، نماز جنازہ اور تدفین
ڈاکٹر علی محمد محمد الصلابیسیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کی شہادت کی تاریخ، شہادت کے وقت عمر، نماز جنازہ اور تدفین
شہادت کی تاریخ:
سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت کے سن کی تحدید میں بلاشبہ اجماع ہے اس سلسلہ میں کوئی اختلاف نہیں کہ آپ کا قتل 35ہجری میں ہوا، صرف مصعب بن عبداللہ سے مروی ہے کہ آپ کا قتل 36ہجری میں پیش آیا۔
(تاریخ الطبری: جلد، 5 صفحہ، 435 اور 436)
لیکن یہ قول شاذ اور اجماع کے خلاف ہے، قول اوّل کے قائلین جم غفیر ہیں۔ عبداللہ بن عمرو بن عثمان، عامر بن شراحیل شعبی، نافع مولیٰ ابنِ عمر، مخرمہ بن سلیمان وغیرہ بہت سے لوگوں کا یہی کہنا ہے۔
(فتنہ مقتل عثمان: جلد، 1 صفحہ، 193 اور 194)
مہینہ کی تعیین میں مؤرخین کا کوئی اختلاف نہیں کہ آپ ذوالحجہ میں شہید ہوئے، البتہ دن اور وقت کی تحدید میں اختلاف ہے، لیکن میرے نزدیک علماء کے اقوال میں سے جو راجح ہے وہ یہ ہے کہ آپ نے 18 ذی الحجہ 35ہجری کو جام شہادت نوش فرمایا۔
(تاریخ الطبری: جلد، 5 صفحہ، 435)
رہا دن کی تحدید کہ کون سا دن تھا؟ تو اس سلسلہ میں تین اقوال وارد ہیں اور ان اقوال میں سے جو قول میرے نزدیک راجح ہے وہ جمہور کا قول ہے کہ یہ دن جمعہ کا دن تھا، کیوں کہ یہ جمہور کا قول ہے اور اس کے برخلاف کوئی قول اس سے قوی نہیں ہے۔
(تاریخ الطبری: جلد، 5 صفحہ، 436)
اور آپ کی شہادت کا واقعہ صبح کے وقت پیش آیا جمہور کی یہی رائے ہے اور اس کے بر خلاف اس سے قوی تر کوئی قول نہیں ہے۔
(تاریخ الطبری: جلد، 5 صفحہ، 437)
شہادت کے وقت آپؓ کی عمر:
شہادت کے وقت آپؓ کی عمر کے سلسلہ میں روایات میں اختلاف ہے اور یہ اختلاف قدیم ہے۔ یہاں تک کہ امام طبری رحمۃ اللہ کہتے ہیں: "آپ کی مدت حیات کی تحدید میں ہم سے قبل سلف کا اختلاف ہے۔"
(تاریخ الطبری: جلد، 5 صفحہ، 438)
میرا میلان اس طرف ہے کہ آپ کی عمر شہادت کے وقت 82 سال تھی، یہی جمہور کا قول ہے اور مختلف اسباب سے یہ راجح قرار پاتا ہے:
- آپ کے سن ولادت کا سن شہادت سے مقارنہ کیا جائے تو اسی قول کی تائید ہوتی ہے۔ آپ کی ولادت عام الفیل کے چھ سال بعد ہوئی اور شہادت 35ہجری میں ہوئی اپؓ کی ولادت کی تاریخ کی شہادت کی تاریخ سے تفریق کرنے سے شہادت کے وقت آپ کی عمر کا پتہ چل جاتا ہے کہ 72 سال تھی۔
- یہی جمہور کا قول ہے اور اس کے خلاف کوئی قوی ترین قول نہیں ہے۔ (فتنہ مقتل عثمان: جلد، 1 صفحہ، 204)
نماز جنازہ اور تدفین:
صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ایک جماعت نے شہادت ہی کے روز آپ کو غسل و کفن دیا اور آپ کا جنازہ اٹھایا، ان میں سے حکیم بن حزام، حویطب بن عبدالعزیٰ، ابو الجہم بن حذیفہ، نیار بن مسلم اسلمی، جبیر بن مطعم، زبیر بن عوام، سیدنا علی (رضی اللہ عنہم) تھے اور آپ کے اصحاب و خواتین کی ایک جماعت تھی ان میں سے آپ کی دو بیویاں نائلہ اور ام البنین بنت عتبہ بن حصین تھیں اور بچے بھی تھے۔ آپؓ کی نماز جنازہ جبیر بن مطعم نے پڑھائی۔ زبیر بن عوام، حکیم بن حزام، مروان بن حکم اور مسور بن مخرمہ رضی اللہ عنہم کا نام بھی اس سلسلہ میں مروی ہے۔
(البدایۃ والنہایۃ: جلد، 7 صفحہ، 199)
لیکن میرے نزدیک راجح یہ ہے کہ آپ کی نماز جنازہ زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ نے پڑھائی اور آپ کو دفن کیا، عثمان رضی اللہ عنہ نے اس کی وصیت کی تھی۔
(الموسوعۃ الحدیثیۃ مسند الامام احمد: جلد، 1 صفحہ، 555) اس کے رجال ثقات ہیں لیکن سند منقطع ہے۔
آپ کو رات میں دفن کیا گیا۔ ابنِ سعد اور ذہبی رحمۃ اللہ کی روایت سے اس کی تائید ہوتی ہے، ان دونوں نے ذکر کیا ہے کہ آپ کو مغرب و عشاء کے مابین دفن کیا گیا۔
(الطبقات: جلد، 3 صفحہ، 78 تاریخ الاسلام عہد الخلفاء: جلد، 1 صفحہ، 48)
رہی طبرانی کی روایت جس میں عبدالملک بن الماجشون کہتے ہیں کہ میں نے امام مالکؒ کو کہتے ہوئے سنا کہ جب عثمان رضی اللہ عنہ شہید ہوئے تو تین دن تک بنو فلاں کے گھورے پر پڑے رہے۔
(المعجم الکبیر: جلد، 1 صفحہ، 78 استشہاد عثمان: صفحہ، 194)
تو یہ روایت سند کے اعتبار سے ضعیف اور متن کے اعتبار سے باطل ہے اس کی سند میں دو علّتیں ہیں:
- عبدالملک بن ماجشون ضعیف ہے یہ امام مالک رحمۃ اللہ سے منا کیر روایت کرتا ہے۔
- یہ روایت مرسل ہے کیوں کہ امام مالک رحمۃ اللہ قتلِ عثمان رضی اللہ عنہ کے وقت موجود نہ تھے کیوں کہ آپ کی ولادت 93 ہجری میں ہوئی ہے۔
(تہذیب التہذیب ابنِ حجر: جلد، 7 صفحہ، 408)
رہا اس روایت کا متن، تو یہ باطل ہے اس سلسلہ میں ابنِ حزمؒ فرماتے ہیں: جو لوگ کہتے ہیں کہ آپ تین دن تک گھورے پر پڑے رہے تو یہ محض جھوٹ ہے، موضوع اور بہتان ہے، یہ ان لوگوں کی پیداوار ہے جن کو حیا نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تو بدر کے دن کفار قریش کے مقتولین کو کنویں میں ڈالنے کا حکم فرمایا تھا اور پھر ان کے اوپر مٹی ڈال دی تھی حالانکہ وہ اللہ کی بدترین مخلوق تھے، اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بنو قریظہ کے مقتولین کے لیے خندق کھودنے کا حکم فرمایا تھا اور وہ ان لوگوں میں بدترین لوگ تھے جنہیں زمین میں دفن کیا گیا، مومن ہو یا کافر اس کو دفن کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔ تو حیا مند انسان کے لیے کیسے جائز ہے کہ وہ علی رضی اللہ عنہ (جو امام وقت تھے) اور مدینہ میں موجود صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی طرف منسوب کرے کہ انہوں نے ایک میّت کو تین دن تک گھورے پر پھینکے رکھا دفن نہیں کیا۔
(الفصل: جلد، 4 صفحہ، 239 اور 240)
کسی انسان کی عقل میں جو رفض و تشیع سے محفوظ ہو، یہ بات گھس نہیں سکتی کہ ان حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے تین دن تک اپنے امام کو بغیر دفن کے چھوڑے رکھا۔ باغی جو عثمان رضی اللہ عنہ کے محاصرہ قتل کے لیے آئے تھے ان کی قوت کچھ بھی رہی ہو کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی صفت بیان کی ہے اللہ کے بارے میں کسی ملامت گر کی ملامت سے نہیں ڈرتے تھے، یہ روایات جنہوں نے اسلامی تاریخ کو مسخ کیا ہے روافض کی دسیسہ کاریوں کا نتیجہ ہیں۔
(عقیدۃ اہلِ السنۃ: جلد، 3 صفحہ، 1091)
کتاب کا نام:
سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ شخصیت و کارنامے