غیر مسلموں کو قرآن کریم دینا
سوال: میں کالج میں پڑھتی ہوں، وہاں غیر مسلم لڑکیاں بھی ہیں، جو ہمارے اسلام اور نماز کے بارے میں طرح طرح کے سوال کرتی ہیں، اور میں جواب نہیں دے پاتی کہ ہم نماز کیوں، کیسے اور کس لئے پڑھتے ہیں؟ تبلیغ دین بھی ضروری ہے۔ اب مجھے ڈر لگ رہا ہے کہ میں نہیں بتا پا رہی ہوں تو کیا کچھ غلط ہے؟ اس کیلئے کیا میں ہندی والا قرآن یا کوئی اور دینی کتاب اُن کو پڑھنے کے لئے دے سکتی ہوں؟
جواب: آپ کو چاہئے کہ دینی کتابوں کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور دین کی موٹی موٹی باتیں غیر مسلم سہیلیوں تک پہنچائیں، ان کی طرف سے اگر کوئی ایسی بات پیش ہو جس کا جواب آپ کو معلوم نہ ہو تو آپ اسے نوٹ کر لیں اور جانکار اہلِ علم سے معلوم کرکے اس کا انہیں جواب دے دیں، کوئی آسان سی دینی کتاب بھی انہیں مطالعہ کیلئے دی جا سکتی ہے، البتہ ابتدائی مرحلہ میں قرآن پاک غیر مسلموں کو دینا مناسب نہیں، کیونکہ ان کے گھروں میں اس کی بے حرمتی کا اندیشہ رہتا ہے۔
(دینی مسائل اور ان كا حل: صفحہ، 307)