اسلام میں داخل ہونے کے لئے شہادتین کا اقرار ضروری ہے
اسلام میں داخل ہونے کے لئے شہادتین کا اقرار ضروری ہے
سوال: کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسںٔلہ میں کہ ایک مسلمان لڑکے نے کسی غیر مسلم لڑکی سے نکاح کیا، اور لڑکی نے نکاح کے وقت مسلمان ہونے کا اقرار کیا، یعنی صرف یہ الفاظ کہے کہ میں مسلمان ہوں کلمہ نہیں پڑھا، لیکن بعد میں لڑکی نے کہا میں نے مسلمان ہونے کا اقرار تو کر لیا تھا لیکن میں اُس وقت مسلمان نہیں ہوئی تھی۔ پوچھنا یہ ہے کہ غیر مسلم کے مسلمان ہونے کے لئے صرف مسلمان ہونے کا اقرار ہی کافی ہے یا کلمہ طیبہ پڑھنا ضروری ہے؟ نیز اس صورت میں نکاح کا کیا حکم ہے؟
جواب: غیر مسلم کے مسلمان ہونے کیلئے محض یہ کہ دینا کہ میں مسلمان ہوں کافی نہیں ہے کلمہ طیبہ یا کلمہ شہادت پڑھنا ضروری ہے، اور دین اسلام کے علاؤہ تمام ادیان سے خصوصاً جس دین پر پہلے سے یہ شخص تھا اس سے براءت کا اظہار کرنا ضروری ہے۔
لہٰذا مذکورہ صورت میں یہ لڑکی نکاح کے موقع پر چونکہ مسلمان نہیں تھی، اس لئے نکاح کا اعتبار نہیں، دوبارہ نکاح ضروری ہے۔
(فتاویٰ عباد الرحمٰن جلد 1، صفحہ 96)