جانوروں پر شفقت اور رحم دلی
علی محمد الصلابیجانوروں پر سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شفقت اور رحم دلی صرف ایمان صادق کا نتیجہ تھی، وہ ایمان جو شفقت، مہربانی اور ہر چیز کے ساتھ احسان سے لبریز تھا۔ آپؓ کا دل ذکر الہٰی کی وجہ سے نرم ہو چکا تھا۔ آپؓ اللہ کی ہر مخلوق پر مہربان و رحم دل بن چکے تھے اور اسلامی تعلیمات کو سمجھ چکے تھے کہ ہر تر کلیجے یعنی زندہ جان پر شفقت کرنے میں اجر ہے۔ نیز یہ کہ کسی حیوان کو ناجائز جگہ استعمال کرنا، اس کا گلا گھونٹنا، غیر فطری عمل کے لیے اسے مجبور کرنا اور اس کی طاقت سے زیادہ اس پر بوجھ لادنا شرعاً جائز نہیں ہے۔
(شہید المحراب: صفحہ 226)
آپ نے اعلان کر دیا تھا کہ آپ اس خچر تک کے ذمہ دار ہیں جو راستہ خراب ہونے کی وجہ سے عراق میں پھسل کر گر گیا۔ اس مقام پر سیرت فاروق کے چند ایسے درخشاں ابواب کا ذکر کیا جا رہا ہے جو انسانی تاریخ کے حافظہ میں آبِ زر سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔