Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام
زبان تبدیل کریں:

دھوکہ نمبر 40

  شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ

دھوکہ نمبر 40

شیعہ مذہب کو حق ثابت کرنے اور اہل سنت کے مذہب کو باطل کرنے کا یہ انوکھا طریقہ اختیار

کرتے ہیں، کہ شیعوں کو یقین ہے کہ وہ جنت میں جائیں گے۔ مگر اہل سنت کو اپنے بارے میں دونوں باتوں پر یقین نہیں ہے اور اپنے متعلق یقین رکھنے والا اس بات کا زیادہ حقدار ہے کہ اپنے متعلق شک رکھنے والے کے مقابلہ میں اس کا اتباع اور پیروی کی جائے۔

شیعوں کا یہ استدلال بہت بودا ہے۔ اس لئے کہ اہل سنت عمومی طور پر تو اس میں ہرگز شک نہیں کرتے کہ وہ ہر شخص جو ایمان صحیح اور عمل صالح پر مرے وہ یقیناً جنتی ہے اور دوزخ سے اس کی نجات لازمی ہے۔

لیکن چونکہ عاقبت کا معاملہ نا معلوم الحال ہے، اس لئے انفرادی حیثیت سے ہر ہر شخص کے بارے میں یہ دعویٰ کیا جائے کہ وہ یقیناً جنتی ہے یا دوزخ سے آزاد ہے ایک بے معنیٰ بات ہے۔ بلکہ اس صورت میں تو ﷲ کے خوف کو دلوں سے دور کرنا اور مکر الٰہی سے اپنے آپ کو مامون سمجھنا ہے جس کے متعلق اللّٰه تعالٰی کا ارشادہے:

وَلَا يَا مَنْ مَكَّرَ اللهِ إِلَّا القَوْمُ الْفَاسِقُون

اللّٰہ تعالیٰ کے مکر سے دنیا میں بے خوف فاسق ہی ہوتے ہیں، کیونکہ عقبیٰ میں ایسے بے خوف لوگوں کی پوری پوری گرفت ہو گی ۔اور امام حسن عسکری رحمۃ اللّٰہ سے منسوب تفسیر میں صراحتہً یہ موجود ہے "کہ جو خدا تعالیٰ سے نہیں ڈرتا وہ مومن ہی نہیں"

اور ادعیہ صحیفہ کاملہ میں جو شیعوں کے نزدیک بطریق تواتر جناب امام سجاد رحمۃ اللّٰہ سے مروی ہے۔ جا بجا انجام کار سے خوف دلایا ہے۔

اور پھر یہ استدلال یوں بھی غلط ہو جاتا ہے کہ مثلاً یہود و نصارٰی غلاط قرامطہ حمیریہ اور اسمعیلیہ فرقے اپنی اپنی نجات کا یقین رکھتے ہیں۔ ان میں ایک طائفہ، اپنے آپ کو ابناء اللّٰه (اللّٰه کے بیٹے) اور احباء اللّٰه ( اللّٰه کے دوست) کہتا ہے تو دوسرا اپنے اندر اللّٰه تعالیٰ کا حلول مانتا ہے یا اپنے ساتھ اللّٰه تعالٰی کے اتحاد کا قائل ہے تو شیعہ استدلال کے مطابق یہ فرقے اس بات کے زیادہ حقدار ہیں کہ ان کا اتباع کیا جائے حالانکہ یہ فرقے سب بالاتفاق باطل ہیں۔