1: سورۃ کوثر کب نازل ہوئی؟ 2: سیدہ خدیجہ الکبریؓ کی زندگی میں آنحضرتﷺ کی کیا کوئی اور بیوی بھی تھی؟ 3: سیدہ فاطمہؓ کی ولادت سورۃ کوثر نازل ہونے کے بعد کی ہے یا پہلے؟ 4: حضورﷺ کی دوسری بیٹیاں بھی سیدہ خدیجہؓ کے بطن سے تھیں یا کسی اور بیوی کے بطن سے؟ 5: سیدہ خدیجہؓ کی وفات کے بعد رسول اللہﷺ کتنا عرصہ دنیا میں زندہ رہے؟
سوال پوچھنے والے کا نام: عادلجواب:
سورۃ کوثر مکہ معظمہ میں نازل ہوئی اور یہ مکی سورت ہے مگر شیعہ مفسرین کہتے ہیں کہ بعض کے نزدیک مدنی ہے۔
(دیکھیے تفسیر عمدۃ البیان، صفحہ 690 طبع قدیم)
علامہ علی بن ابراہیم قمی جو ملا محمد بن یعقوب الکلینی کے استاد ہیں اس سورت کو مدنی قرار دیتے ہیں. آنحضرتﷺ کے صاحبزادے سیدنا ابراہیمؓ سن 8 ہجری میں پیدا ہوئے. ان کی وفات پر بعض لوگوں نے آپﷺ کو ابتر کہا. (ابتر اسے کہتے ہیں جس کی نرینہ اولاد نہ ہو) اس پر اللّٰہ تعالٰی نے فرمایا انا اعطینک الکوثر.
علامہ قمی لکھتے ہیں:
الكوثر نهر فی الجنة اعطى الله محمداً صلی اللّٰــہ علیہ وآلہ وسلّم عوضاً عن ابنه ابراهيم.
(تفسیر قمی صفحہ 371 مطبوعہ ایران)
ترجمہ:کوثر جنت کی ایک نہر ہے جو اللّٰہ تعالی نے حضور اکرمﷺ کو آپ کہ بیٹے ابراہیم کے بدل میں عطا فرمائی۔
اس حقیقت سے یہ بات واضح ہے کہ سیدہ فاطمۃ الزہراؓ کی ولادت اس سورت کے نازل ہونے سے بہت پہلے کی ہے. اور اگر اس سورت کو مکی قرار دیا جائے تو پھر اُسے آپ کے بیٹے طاہر کی وفات پر پیغامِ تسکین کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے اور یہی سید عمار علی کی رائے ہے. علامہ کلینی کے بیان کے مطابق سیدنا طاہر، سیدہ فاطمۃ الزہراؓ سے پہلے پیدا ہوئے. اور علامہ محمد ہاشم الخراسانی کے بیان کے مطابق ایامِ کود کی میں وفات پائی. ظاہر ہے کہ یہ سانحہ سیدہؓ کی ولادت کے بعد کا ہے. پس اس صورت میں بھی یہ سورت سیدہ فاطمہ الزہراءؓ کی پیدائش کے کافی بعد نازل ہوئی ہے۔
2: آنحضرتﷺ کے نکاح میں جب تک سیدہ خدیجہؓ رہیں آپ نے دوسرا نکاح نہیں کیا. ان کی وفات کے بعد آپﷺ کا سب سے پہلا نکاح سیدہ سودہ بنت زمعہؓ سے ہوا اور یہ آپ کی نبوت کا دسواں سال تھا۔
(تفصیل کے لیے دیکھیے زرقانی جلد3 صفحہ 260)
3: اس کا جواب سوال 1 کے ضمن میں گزر چکا.
4: آنحضرتﷺ کی دوسری بیٹیاں بھی سیدہ خدیجۃ الکبریؓ کے بطن سے ہی تھیں۔
ملا محمد بن یعقوب الکلینی لکھتے ہیں:
و تزوج خديجة وهو ابن بضع و عشرين سنة فولد له منها قبل مبعثه القاسم و رقية و زينب و ام كلثوم و ولد له بعد البعث الطيب و الطاهر و الفاطمة.
(الکافی مع الصافی جلد 2 صفحہ 146)
ترجمہ: اور آپ نے خدیجہؓ سے نکاح کیا اور آپ کی عمر 24، 25 سال کی تھی. ہاں ان کے بطن سے بعثت سے پہلے قاسم رقیہ زینب اور ام کلثومؓ پیدا ہوئے اور بعثت کے بعد طیب طاہر اور سیدہ فاطمہؓ پیدا ہوئیں۔
منتخب التواریخ میں ہے:
از اصول كافى مستفاد مے شود کہ آں بزرگوار از خدیجہ کبریؓ سہ پسر داشت و چہار دختر.
(منتخب التواریخ صحفہ 23 ایران)
ترجمہ:اصول کافی سے پتہ چلتا ہے کہ حضورﷺ کے خدیجۃ الکبریؓ سے تین بیٹے اور چار بیٹیاں پیدا ہوئیں۔
5: سیدہ خدیجۃ الکبریؓ کی وفات کے بعد آنحضرتﷺ تقریباًً 13 یا 14 سال تک اس دنیا میں تشریف فرما رہے۔
واللہ اعلم بالصواب.