Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

ہم تو اب تک یہی سنتے آئے ہیں کہ سیدنا صدیقِ اکبرؓ اور سیدنا علی المرتضیٰؓ کے متعلق یہ اختلاف رہا ہے کہ دونوں میں سے کون بزرگ خلافت کے ذیادہ مستحق تھے لیکن ہمارے بعض شیعہ کرم فرما یہ کہتے ہیں کہ اصل اختلاف ان دونوں کے خاکی اور نوری ہونے میں ہے سیدنا ابوبکرؓ بشر تھے اور سیدنا علی المرتضیٰؓ بشر نہیں تھے بلکہ نور تھے اس کے متعلق آگاہ فرمائیں؟۔ 1۔ سیدنا علی المرتضیٰؓ کے لئے بشر کا لفظ شیعہ کی کس کتاب میں ملتا ہے یا نہیں؟ 2۔ جب سیدنا علیؓ آیتِ تطہیر کی وجہ سے افرادِ طیبہ میں شمار ہیں تو پھر بشر کیسے ہو سکتے ہیں طاہر و طیب تو صرف نور ہی ہوتا ہے ؟ 3۔ حضور سرکار مدینہﷺ‎ کے بدن طیب کے ساتھ اشتراک سیدنا علیؓ کا زیادہ تھا یا سیدنا ابوبکر صدیقؓ کا؟

سوال پوچھنے والے کا نام:   علی

جواب:

سیدنا علی المرتضیٰؓ اور سیدنا ابوبکر صدیقؓ یہ دونوں بزرگ اپنی اپنی جگہ بشر بھی تھے اور نور بھی ذات میں دونوں بشر تھے اور صفات میں دونوں نور شیعہ حضرات کی معتبر کتاب کتاب الشافی میں سیدنا علی المرتضیٰؓ کے لئے صریح طور پر بشر کا لفظ موجود ہے فرماتے ہیں: ان شجاعتہ وان کانت علی ما ذکرت وافضل فلا تبلغ الی ان یغلب جمیع الخلق ویحارب سائر الناس وھو مع شجاعتہ بشر والبشر یقوی ویضعف و یخاف و یامن و التقیة جائزة علی البشر۔ (کتاب الشافی صفحہ 400 ایران)۔

ترجمہ: سیدنا علیؓ کی شجاعت اگرچہ ایسی ہی تھی جیسی کہ مذکور ہے اور اس میں بےشک آپ کی فضیلت تھی لیکن اس حد تک نہ پہنچتی تھی کہ آپ ساری مخلوق پر غالب آسکیں اور تمام لوگوں سے جنگ کر سکیں کیونکہ آپ اپنی شجاعت کے باوجود بشر تھے اور بشر کبھی قوی ہوتا ہے اور کبھی ضعیف کبھی ڈر میں ہوتا ہے اور کبھی امن میں اور تقیہ بشر کے لئے جائز ہے۔ 2۔ افراد طیبہ میں شمار ہونے سے یہ کیسے ثابت ہوگیا کہ وہ بشر نہ تھے نور تھے جہاں تک ان کے نورِ ہدایت اور نورِ صفات ہونے کا تعلق ہے ہمارا اہلِ سنت کا ایمان ہے لیکن بشریت کی نفی کا استدلال علمی طور پر بہت ہی کمزور ہے شیعہ حضرات کی معتبر کتاب احتجاج طبرسی میں ہے کہ حضور حتمی مرتبتﷺ نے ابوجہل سے کہا تھا: انما رفع عنک العذاب لعلمہ بانہ سیخرج من صلبک ذریة طیبة۔ (احتجاج طبرسی صفحہ 18 نجف اشرف)۔

ترجمہ: اللہ تعالیٰ نے تجھ سے عذاب اٹھایا ہوا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ تیرے صلب سے ایک ذریت طیبہ پیدا ہوگی۔ ظاہر ہے کہ ابوجہل کی اولاد ذریت طیبہ میں سے تو ہے لیکن یہ نہیں کہ وہ اب بشر نہیں رہے نور ہو گئے طیب و طاہر ہونا اور بات ہے اور بشریت کی نفی اس کو ہرگز لازم نہیں۔ 3۔ حضورﷺ کے ساتھ نسلی اشتراک سیدنا علی المرتضیٰؓ کو حاصل تھا لیکن جوہری اشتراک پر سیدنا ابوبکر صدیقؓ اور سیدنا عمر فاروقؓ فائز تھے آنحضرتﷺ خود ارشاد فرماتے ہیں: خلقت انا ابوبکرؓ و عمرؓ من تربة واحدة وفیھا ندفن۔ (خطیب بغدادی فی کتاب المتفق والمتفرق دیکھيۓ فتاویٰ افریقہ صفحہ 84 کتاب ھذا صفحہ 39)۔

ترجمہ:  میں سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ ایک ہی (پاک) مٹی سے پیدا کئے گئے ہیں اور ایک ہی مٹی میں دفن ہوں گے۔

واللہ اعلم بالصواب۔ کتبہ خالد محمود عفا اللہ عنہ۔