Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام
زبان تبدیل کریں:

قرآن و سنت کی تشریحات اور دین اسلام کی تعبیر کے لیے صراط مستقیم کیا ہے

  دارالتحقیق و دفاعِ صحابہؓ

قرآن و سنت کی تشریحات اور دینِ اسلام کی تعبیر کے لیے صراطِ مستقیم کیا ہے

عصر حاضر کے تمام تعصّبات فروعی مسائل کی جنگ،معمولی اختلافات سے بچنے کا واحد حل صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ذریعے قرآن و حدیث کا ادراک ہے۔

یہ ایسی شاہراہ ہے، یہی ایسا آئینہ خانہ ہے، یہی ایسا روشن اور تابندہ راستہ ہے،یہی ایسا اولو العزم اور تاباں نقطہ نظر ہے،جس کے ذریعے بدعات کے محلات زمین بوس ہو جاتے ہیں۔فروعی اختلافات کی آگ سرد ہو جاتی ہے،عقائد و افکار میں عجمی افکار کی آمیزش ختم ہو جاتی ہے،کفر و شرک اور معصیت و گناہ کے سارے دریچے بند ہو جاتے ہیں۔اسلام میں پرا گندا افکار کی آمیزش کے خطرات ٹل جاتے ہیں،معنیٰ و مفہوم کے زیرو بم تعمیر و تشریح کہ بوقلمونی حرف غلط کی طرح مٹ جاتی ہے۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے افکار کی روشنی میں قرآن عظیم اور احادیث رسولﷺ کا حقیقی مقتضٰی اور اصلی تقاضا ایسے تابناک عنوان کے ذریعے سامنے آتا ہے،جس سے انسانیت کو تمام دکھوں کا علاج مہیا ہو جاتا ہے۔

محمد جماعت کی تشریحات نے کائناتِ عالم کے تمام مسائل کا حل خدائی اور محمدی دستاویز کی صورت میں انسانوں کے سامنے آویزاں کر کے اسلام کی کاملیت کو آشکار کیا ہے۔اہلِ سنت وہ الجماعت اسلام کی اسی تفسیر و توضیح وہ تسلیم کرے گی،جس پر آنحضرتﷺ کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے مہر تصدیق ثبت کی ہو گی۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے جن فرامین کو آنحضرتﷺ کی احادیث قرار دیا،وہی احادیث ہیں۔قرآنی رموز اور محمدی اسرار کی وضاحت ہم صرف صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے مانگتے ہیں۔

مذہبی اختلافات کے دورِ جدید میں یہی نسخہ کیمیا ہے،فرقہ وارانہ تعصّبات کے زہر کا یہی تریاق ہے۔فروعی مسائل کی اونچ نیچ کا واحد حل یہی اسوہ حسنہ ہے۔صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا فکر ہی طمانیت و قرار کا ضامن ہے۔عافیت و امن کا گہوارہ ہے،اسلام کے خلعت امن کا شاہکار ہے۔محمد رسول اللّٰہﷺ کے سکول آف تھاٹ کی تشریف اور تفصیل ہے۔

افکار و توہمات کے ہجوم سے مایوس لوگو! ۔۔۔۔ فکر و نظر کی غوغا آرائی سے مضحمل اقوام! ۔۔۔۔ تمہاری ہر بیماری کی شفا،ہر دکھ کی دوا،ہر مشکل کا حل،ہر کرب کے زخم کا علاج،ہر مردہ فکر کی آسودگی کا نسخہ،صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین،خلفاء راشدینؓ اور اہلِ بیت عظامؓ ۔۔۔۔ کی تعلیمات اور ان کی زبان سے نکلی ہوئی قرآن و حدیث کی تشریحات ہیں ۔۔۔۔ لاعلاج مریضوں،فکری اور نظریاتی بیماروں کے لئے۔