Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

رسولِ خُداﷺ کے دور میں جو جنگیں مشرکوں سے ہوئیں مثلًا بدر، احد، خندق، خیبر، حنین، مکہ، تبوک وغیرہ میں تو ان تمام جنگوں میں نمایاں کاروائی کِس بزرگ کی ہے ؟ کیا حضرت علی المُرتضٰی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے زیادہ بہادر، عالم، عابد، سخی، امین کوئی اور بزرگ بھی ہے؟

  مولانا اشتیاق احمد ، مدرس دارالعلوم دیوبند

رسولِ خُداﷺ کے دور میں جو جنگیں مشرکوں سے ہوئیں مثلًا بدر، احد، خندق، خیبر، حنین، مکہ، تبوک وغیرہ میں تو ان تمام جنگوں میں نمایاں کاروائی کِس بزرگ کی ہے؟ کیا حضرت علی المُرتضٰی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے زیادہ بہادر، عالم، عابد، سخی، امین کوئی اور بزرگ بھی ہے؟ اگر کِسی کا نام لینا چاہیں تو ارشاد فرمائیں کہ اس بزرگ نے بدر، احد، خندق، خیبر، حنین، مکہ، تبوک وغیرہ میں کِتنے دُشمنِ اِسلام قتل کیے اور یہ بھی ارشاد فرمائیں کہ

"أَشِدَّآءُ عَلَی الۡکُفَّارِ"

نے رسولِ خُداﷺ کے زمانے میں کِتنے کافر قتل کیے اور اپنے دورِ حکومت میں اپنی تلوار سے کِتنے مشرک مارے ...؟؟

♦️ جواب اہل سُنَّت:- ♦️

ہمارے خیال میں جنگوں میں ثابت قدمی اور جرأت مدارِ فضیلت ہے۔ بالفعل قتل کرنا تو اتفاقی ہے ورنہ اشجع الناس حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاتھوں کِتنے مقتول ہوئے؟

✰... جرأت کے متعلق حضرت علی رضی اللّٰهُ تعالٰی عنہ کا ارشاد ہے:

"ہم سب سے بہادر ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ ہیں کہ بدر کے دن عریش پر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پہرہ دینے کے لیے کوئی تیار نہ ہوتا تھا۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ تلوار سونت کر کھڑے ہو گئے۔ جو کافر آتا اسے مار بھگاتے تھے۔"

(ابن سعد و منتخب الكنز ٢٤٠ ج ۵)

✰... بدر میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مشہور بہادر اور اپنے ماموں العاص بن هشام بن المغيرہ کو قتل کیا۔

(ابن ہشام ص ٨٨)

پھر کوئی بہادر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے ٹھہرتا ہی نہ تھا۔

✰... احد کے موقع پر حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اپنے صاحبزادے عبدالرحمٰن کو قتل کرنا چاہا مگر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ:

"تلوار میان میں کر کے اپنی جگہ واپس آ جاؤ اور اپنی ذات سے ہمیں نفع پہنچاؤ۔"

(کشف الغمہ ٢٥٢)۔

✰... احد میں حضرت عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ابوسفیان سالار لشکر کو محض پتھروں سے مار بھگایا۔

(سیرت النبیﷺ ص ۳۸۰ ج ١)۔

✰... خالد بن ولید نے ایک دستے کے ساتھ خود حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حملہ کرنا چاہا مگر حضرت عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے چند مہاجرین و انصار کو لے کر حملہ کیا اور ان کو پسپا کر دیا۔

(سیرت ابن ہشام ص ٥٧٦، طبری ١٤١١)۔

✰... احد میں چند اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کے ہمراہ حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ و عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ بھی حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ثابت قدم رہے۔

(ابن ہشام، طبری بحوالہ الفاروق ۹۲)۔

✰... نیز (حیات القلوب ص ٣٩٦ ج ۲) کی ایک طعن آمیز روایت سے بھی ثابت قدمی کا پتہ چلتا ہے۔

✰... ابوسفیان نے جنگ کے خاتمے کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ و عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ کو ہی اِسلام کا بڑا ستون سمجھ کر ندا دی تھی:

افيكم محمد افيكم ابو بكر افيكم عمر بن الخطاب۔

"کیا تُم میں محمد زِندہ ہیں کیا ابوبکر و عُمَر زِندہ موجود ہیں۔

(بخاری ٥٧٩ ج ۲)

♦️ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد کفار بھی شیخین (رضی اللہ تعالٰی عنہما) کو افضل مانتے تھے۔ کیا شیخین (رضی اللہ تعالٰی عنہما) نے ان کو رشوت دی ہوئی تھی ؟؟

✰... "غزوۂ خندق میں حضرت عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جِس حصہ پر متعین کیا یہاں سے کفار نے آگے بڑھنا چاہا مگر حضرت عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے مار بھگایا۔"

(الفاروق ص ۹۵)۔

✰... "اسی جنگ میں عرب کے مشہور پہلوان ضرار اسدی کا تعاقب کر کے عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ نے بھگا دیا۔"

(سیرت النبیﷺ ٢٢٨ ج ١)۔

♦️ الغرض متعدد غزوات میں ان حضرات نے بھی کفار کو قتل کیا۔ کیا ضروری ہے کہ ہر مقتول کا نام اور پتہ بھی ہم تک پہنچے ؟ حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے مقتولین کے بھی چند نام بتائے جا سکتے ہیں حالانکہ قتل ان سے کہیں زیادہ ہوئے۔ معلوم ہوا کہ مشہور کلیہ کے مطابق عدم ذکرشی، عدم وجودشی کو مستلزم نہیں۔

✰... "دو بار حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ کو سالارِ جنگ اور حضرت عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ کو ایک مرتبہ بنایا۔"

(سیرت نمبر چٹان ص ٢٩ ، ۲۷ جولائی ١٩٦٤ء)۔

✰... گو روایت مغازی کی روشنی میں حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے ہاتھوں کفار زیادہ قتل ہوئے مگر مکی زِندگی اس کے برعکس ہے۔

"حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے بہت کم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دفاع کیا یا کفار سے تکلیف پائی۔ مگر حضرت ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ و عُمَر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی مکہ میں جانفشانیاں اور حمایتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ضرب المثل ہے۔"

(طبری ص ٣٢٢، ٣٣٥ ج ۲، البدایہ وغیرہ ص ٧٩ ج ۳)۔

⬅️ اسی طرح سخاوت، عبادت اور سیادت میں ان حضرات کا مقام بہت اونچا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللّٰهُ تعالٰی عنہ آغازِ اِسلام میں بہت مالدار تھے مگر ٤٠ ہزار درہم اللّٰه تعالٰی کی راہ میں مسلمان غلاموں کی رہائی وغیرہ میں خرچ کر دیے۔ غزوۂ تبوک کے لیے گھروں میں جھاڑ دے کر حضور صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کے حوالے کر دیا۔ حضرت عُمَر رضی اللّٰهُ تعالٰی عنہ نے نصف مال دے کر بزعم خود حضرت ابوبکر رضی اللّٰهُ تعالٰی عنہ سے بڑھنے کی کوشش کی تھی۔

♦️... عبادت و اخلاص میں جِن کے متعلق رب تعالٰی یہ فرماتا ہے:

" تَرٰھُمۡ رُکَّعًا سُجَّدًا یَّبۡتَغُوۡنَ فَضۡلًا مِّنَ اللّٰہِ وَ رِضۡوَانًا ۫ سِیۡمَاھُمۡ  فِیۡ وُجُوۡھِھِمۡ مِّنۡ أَثَرِ السُّجُوۡدِ ؕ "

(تُم ان کو رکوع و سجدے میں دیکھتے ہو وہ صِرف اللّٰه تعالٰی کا فضل اور رضا چاہتے ہیں۔ سجدوں سے ان کے چہرہ پر آثار ہیں۔)

{سورۃ الفتح، آخری آیت}

♦️ گواہی دیں اب ان میں مقابلہ بازی ایک کو بڑھانا دوسروں کو گھٹانا ہمیں اچھا نہیں لگتا۔ ان ہی قربانیوں اور اوصافِ عالیہ کی وجہ سے حضور صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے ان کو اپنا خاص وزیر و مشیر بنا لیا اور سپاہیانہ خدمت کم لیتے تھے۔

أَشِدَّآءُ عَلَی الۡکُفَّارِ

قیصر و کسریٰ کی حکومتیں الٹ دیں اور نصف معلوم دُنیا کو فتح کر کے

"لَاۤ إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ"

کا جھنڈا گاڑ دیا۔

♦️ اس میں زیادہ کمال ہے یا بالفعل دو چار کفار کو قتل کرنے میں زیادہ بہادری ہے ؟؟ کیا بادشاه، وزیر یا جرنیل کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ سپاہی کی حیثیت سے دو چار خود قتل کریں ؟

اللّٰهﷻ معترض کو عقل دے۔