Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

مسلمانوں کے چار امام، ابوحنیفہ، شافعی، مالک اور احمد بن حنبل ہیں۔ کیا ان کی امامت نص قرآنی سے ثابت ہے؟

  مولانا اشتیاق احمد ، مدرس دارالعلوم دیوبند

مسلمانوں کے چار امام، ابوحنیفہ، شافعی، مالک اور احمد بن حنبل ہیں۔ کیا اُن کی امامت نصِ قُرآنی سے ثابت ہے یا یہ حکومت کی پیداوار تھی اور چار مصلے جو خانہ کعبہ میں بنائے گئے تھے ان کا شرعی جواز کیا تھا اور اب ان کا اٹھا بھی دیا ہے تو حکومت کا اپنی مرضی سے ان چار مصلوں کو کعبہ میں قائم کرنا اور عرصہ کے بعد اُٹھانا کیا اس بات کی دلیل نہیں کہ ان بزرگوں کی امامت حکومت کی مرہونِ منت ہے ...؟؟

♦️ جواب اہل سُنَّت:- ♦️

اہلِ سُنَّت کے فروعی گروہوں کے ائمہ اربعہ کی امامت نہ مثلِ نبوت ہے نہ منصوص ہے (اور نہ اہلِ سُنَّت شیعہ کی طرح نبوت کے ساتھ اس شرکِ عظیم کو جائز سمجھتے ہیں)۔ یہ چاروں امام بمعنی دینی رہنما اور پیشوا کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان چاروں نے تو قُرآن و سُنَّت میں غور و فکر اور غیر منصوص مسائل کی تحقیق میں اختلاف آراء ہو کر ایک ایک مذہب کی حیثیت اختیار کر گئے جیسے کہ خود حضرت جعفر و صادق رحمة اللہ علیهما ہیں۔ یا حضرت زید رحمۃ اللہ علیہ و دیگر اہلِ بیت رضوان اللہ علیھم اجمعین میں یا حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ و عباس رضی اللہ تعالٰی عنہ میں فقہی اختلافات ہیں۔ جِس میں ایک دوسرے کی قطعی تغلیط کی جا سکتی ہے نہ کِسی معین مسلک کو ماننا ہی باعثِ نجات ہے۔ یہی اختلاف امت کے لیے رحمت ہے۔ گو مجتہدین امام سینکڑوں گُزرے ہیں مگر اللہ تعالٰی نے امتِ محمدیہ کو ان چاروں بزرگوں کی امامت و تقلید پر متفق کر دیا، یہی ان کی حقانیت کی دلیل ہے۔

کتبِ اہلِ سُنَّت میں یہ حدیث قطعی الثبوت ہے کہ میری امت گُمراہی پر جمع نہ ہو گی۔ کتب شیعہ در حیات القلوب ص ۱۳۸ ج ۲ پر ہے:

"و ایشاں را بر گمراهی جمع نه کنند"۔

نیز حضرت علی رضی اللّٰهُ تعالٰی عنہ کا ارشاد ہے کہ:

وما كان اللّٰه ليجمعهم على الضلال"۔

یعنی اللہﷻ ان لوگوں کو گمراہی پر جمع نہ کرے گا۔

(نج البلاغہ)۔

ایک اور روایت میں فرمایا:

"لوگو ! سواد اعظم کا دامن پکڑو اس لیے کہ اللہﷻ کا ہاتھ جماعت پر ہوتا اور تفرقہ سے بچو کیونکہ سب لوگوں سے الگ راہ پر چلنے والا شیطان کا شکار ہوتا ہے، جیسے ریوڑ سے الگ بکری بھیڑیے کا تحفہ۔"

(اثنا عشریہ ص ١٩٥ طبع ہند)۔

چاروں مسلکوں کو کعبہ میں رکھنے یا اُٹھا دینے سے ان کی حقانیت پر کُچھ اثر نہیں پڑتا۔ ہر ایک کے پیروکار آج بھی اسی طرح سیر و شکر ہیں جیسے پہلے تھے اور ایک دوسرے کے پیچھے بخوشی نماز پڑھتے ہیں۔ ہر حاجی اس کا گواہ ہے۔

♦️ كیا سنی شیعہ تفریق کے پیشِ نظر اِسلام بھی جھوٹا ہو گا یا حکومت کی پیداوار ...؟؟

♦️ یا شیعہ کا تاریخی نشیب و فراز دیکھ کر اسے زمانے کی پیداوار مان لیں گے ...؟؟

در حقیقت سعودی حکومت کے ہاتھوں قُدرت نے کام کروا کر روافض اور قادیانیوں جیسے اعداء اِسلام کو یہ طمانچہ رسید کیا ہے۔ جو اتحادِ ملی کے دُشمن اور چاروں مسالکوں کو ایک دوسرے کی ضد یا مخالف جانتے ہیں۔ چاروں مصلوں کو بعض علماء نے مکروہ کہا ہے، مگر علامہ شامی رحمۃ اللّٰہ علیہ و ملا علی قاری رحمۃ اللّٰہ علیہ نے جواز کو ترجیح دی ہے۔

(شامی ص ۳۱۳ ج ١)