Difa e Islam | الدفاع عن الإسلام | دفاع الإسلام

حدیث ثقلین

  احقر العباد نذیر احمد مخدوم سلمہ القیوم

حدیثِ ثقلین

سوال

سنیوں کی حدیث کی کتاب مشکوٰۃ شریف میں ہے کہ رسول پاکﷺ نے فرمایا کہ میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں ، ایک اللّٰہ کی کتاب دوسری اہلِ بیتؓ، ان کو مظبوطی سے پکڑنا:

اني تارك فيكم الثقلين كتاب الله واهل بيتي

( رسول خداﷺ نے فرمایا: میں تم میں دو چیزیں چھوڑ کر جا رہا ہوں، ایک اللّٰہ کی کتاب دوسری اہلِ بیتؓ۔

جب تک ان دونوں کو مضبوطی سے پکڑے رکھو گے گمراہ نہیں ہو گے اور ظاہر ہے کہ اہلِ بیتؓ کے ساتھ محبت شیعہ حضرات کو ہی ہے لہٰذا ہدایت پر بھی یہی ہوئے۔

الجواب

اس حدیث میں کتاب اللّٰہ اور اہلِ بیتؓ ان دونوں کی عظمتِ شان کی وجہ سے آپﷺ نے ثقلین فرمایا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان دونوں کو کون مانتے ہیں۔ پوری دنیا میں نظر اُٹھا کر دیکھیں ، تمام مذاہب میں سے زیادہ تر اہلِ سنت و الجماعت سے تعلق رکھنے والے قرآن پاک کے حافظ آپ کو نظر آئیں گے۔ ہر دور میں اسلامی ممالک میں آپ کو اہلِ سنت ہی زیادہ تر حافظ نظر آئیں گے، اور ظاہر ہے کہ جس شے سے کسی کی محبت ہو اسے وہ یاد کرتا ہے ۔ اس سے معلوم ہوا کہ قرآن پاک کو بھی مضبوطی سے اہلِ سنت نے ہی پکڑا ہے۔

دوسری اہلِ بیتؓ : لغت اٹھا کر دیکھو، اہلِ بیت گھر والوں کو ہی کہا جاتا ہے۔ خواہ بوڑھے ہوں، یا جوان، عورتیں ہوں یا مرد کسی کے گھر میں رہنے والے اس کے اہلِ بیت ہوتے ہیں۔

تو آنحضرتﷺ کے گھر میں رہنے والے آپﷺ کے اہلِ بیتؓ ہوئے اور آپﷺ کے گھر رہنے والے آپﷺ کی ازواج مطہرات رضی اللّٰہ عنہن، آپﷺ کی بیٹیاں ، آپﷺ کے نواسے۔ سب اہلِ بیتؓ ہوئے ۔ اسی طرح آج تک ہی نہیں بلکہ قیامت تک ابوبکر صدیقؓ اور عمر فاروقؓ بھی آپﷺ کے گھر میں موجود ہیں اور آرام فرما رہے ہیں لہٰذا وہ بھی اہلِ بیتؓ ہوئے۔ جیسے کسی نے صدیق اکبرؓ کے متعلق خوب کہا ہے:

کوئی اہلِ بیتؓ سے آپؓ(ابوبکر صدیقؓ) کو جو نکال دے یہ مجال کیا کہ

اور مزار پاک بھی آپؓ(ابوبکر صدیقؓ) کا تو رسول پاکﷺ کے گھر میں ہے

ناظرین کرام ! اب خود ہی انصاف فرمائیں کہ حدیثِ ثقلین کے اس دوسرے فقرے کو کون مانتے ہیں۔ ہم فخر سے کہتے ہیں کہ اس حدیثِ الثقلین کے دونوں فقروں کو ماننے والے اہلِ سنت ہی ہیں۔

نوٹ :

اس حدیث کی پوری پوری تحقیق کے لیے استاذ المکرم حضرت مولانا محمد نافع صاحب دامت برکاتہ کی کتاب "حدیثِ ثقلین" دیکھنے کے قابل ہے۔