مقدمہ - دفاعِ اہلِ سنت | دفاع اسلام

مقدمہ

  علی محمد الصلابی

صفحہ 4 از 12

میں نے حضرت زبیر اور طلحہ رضی اللہ عنہما کی زندگی پر بھی خامہ فرسائی کی ہے، اس لیے کہ عہدِ نبوت، دورِ خلافت راشدہ اور خاص کر سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی دور حکومت میں بھی یہ لوگ معزز اور اثر و رسوخ والے تھے، تاریخ نے ان پر ظلم کیا ہے، اس لیے میں نے جذبۂ حق پرستی سے ان کی طرف سے دفاع کیا ہے، ان کے مقام و مرتبہ اور فضیلت کو نقل کیا ہے اور ٹھوس حقائق و ناقابل تردید دلائل کی روشنی میں ان اعتراضات اور افترا پردازیوں کا صفایا کیا ہے، جنھیں ان بزرگ شخصیات کے سر مڑھ دیا گیا تھا، ان کی بلند صفات اور اخلاق کریمہ کو ایسے انداز میں میں نے ذکر کیا ہے کہ پڑھنے والے کے سامنے حقیقت عیاں ہو جائے، اس میں کوئی پیچیدگی اور ملاوٹ نہ ہو، اور وہ ضعیف روایات اور روافض مؤرخین کے من گھڑت قصوں سے قطعاً متاثر نہ ہو کر جن کے عام چلن نے ان عظیم شخصیات کے روشن چہروں کو لوگوں کی نگاہوں میں داغ دار کر دیا ہے۔

چنانچہ حضرت عائشہ یا طلحہ و زبیر اور دیگر معزز صحابہ رضی اللہ عنہم جنھوں نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی دورِ حکومت میں سر اٹھانے والے فتنوں میں حصہ لیا، ان کے سوانح حیات تحریر کرنا میری اس کاوش کا ایک اہم حصہ ہے جس سے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شخصیت اور کارناموں کی تاریخ مکمل ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ اپنی اس کاوش کو منظر عام پر لانے میں میں نے اصول و فروع اور اختصار و تفصیل ہر مقام پر اہل سنت و الجماعت (سلف صالحین) کے منہج کو اختیار کیا ہے۔

بقول عربی شاعر ابومحمد قطحانی:

أَکْرِمُ بِطَلْحَۃَ وَ الزُّبَیْرِ وَ سَعْدِ ہِمْ وَ سَعِیْدِ ہِمْ وَ بِعَابِدِ الرَّحْمٰنِ

’’طلحہ، زبیر اور سعد و سعید اور عبد الرحمٰن (رضی اللہ عنہم) کی عزت و تکریم کرو۔‘‘

وَ اَبِي عُبَیْدَۃَ ذِی الدِّیَانَۃِ وَ التُّقَی وَ امْدَحْ جَمَاعَۃَ بَیْعَۃِ الرِّضْوَانِ

’’دین پرست اور تقویٰ شعار ابوعبیدہ کی بھی عزت کرو اور بیتِ رضوان والی برگزیدہ جماعت کے حق میں خیر کے کلمات کہو۔‘‘

قُل خَیْرَ قَوْلٍ فِي صَحَابَۃِ أَحْمَدَ وَ امْدَحْ جَمِیْعَ الْآلِ وَ النِّسْوَانِ

’’احمدﷺ کے صحابہ کے بارے میں بھلی بات ہی کہو، ان کے تمام مردوں اور عورتوں کے مدح کناں رہو۔‘‘

دَعْ مَا جَرَی بَیْنَ الصَّحَابَۃِ فِي الْوَغَی بِسُیُوْفِہِمْ یَوْمَ الْتَقَی الْجَمْعَانِ

’’صحابہ کے درمیان شورش کے موقع پر ان کی اپنی ہی تلواروں سے لڑائی کے دن جو کچھ ہوا، اسے نظر انداز کرو۔‘‘

فَقَتِیْلُہُمْ مِنْہُمْ وَ قَاتِلُہُمْ لَہُمْ وَ کِلَاہُمَا فِي الْحَشْرِ مَرْحُوْمَانِ

’’مقتول اور قاتل دونوں انھیں میں سے ہیں اور بروز قیامت دونوں ہی اللہ کے نزدیک اس کی رحمت کے مستحق ہیں۔‘‘

وَاللّٰہُ یَوْمَ الْحَشْرِ یَنْزَعُ کُلَّمَا تَحْوِي صُدُوْرُہُمُ مِنَ الأَضْغَانِ

’’اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ان کے دل کی ساری کدورتوں کو نکال باہر کرے گا۔‘‘

لَا تَرْکَنَنَّ إِلَی الرَّوَافِضِ إِنَّہُمْ شَتَمُوا الصَّحَابَۃَ دُوْنَ مَا بُرْہَانِ

’’روافض کی طرف ہرگز مائل نہ ہو، انھوں نے بلا کسی دلیل و حجت کے صحابہ کو گالی دی ہے۔‘‘

لَعَنُوْا کَمَا بَغَضُوْا صَحَابَۃَ أَحْمَدَ وَوِدَادُہُمْ فَرْضٌ عَلَی الإنْسَانِ

’’انھوں نے اصحابِ محمدﷺ سے کینہ رکھا، اور انھیں لعن و طعن کیا، حالانکہ ان سے قلبی محبت کرنا ہر انسان پر واجب ہے۔‘‘

حُبُّ الصَّحَابَۃِ وَالْقَرَابَۃِ سُنَّۃٌ اَلْقَی بِہَا رَبِّي إذَا اَحْیَانِيْ

’’صحابہ اور (نبیﷺ) کے قرابت داروں کی محبت صحیح طریقہ ہے، جب اللہ تعالیٰ بروز قیامت مجھے زندہ کرے گا، میں اس محبت کے ساتھ اپنے رب سے ملوں گا۔‘‘

اور ایک جگہ کہتے ہیں:

إِنَّ الرَّوَافِضَ شَرُّ مَنْ وَطِیَٔ الْحَصَی مِنْ کُلِّ إِنْسٍ نَاطِقٍ أَوْ جَانِ

’’اس روئے زمین پر بسنے والے تمام انس و جن میں روافض سب سے برے ہیں۔‘‘

مَدَحُو النَّبِيَ وَ خَوَّنُوْا أَصْحَابَہُ وَ رَمَوْہُمْ بِالظَّلْمِ وَ الْعُدْوَانِ

’’انھوں نے نبیﷺ کی تعریف کی، اور آپ کے صحابہ کے حق میں خیانت کیا اور انھیں ظلم و سرکشی سے متہم کیا۔‘‘

حَبُّوْا قَرَابَتَہُ وَ سَبُّوا صَحْبَہُ جَدْلَانِ عِنْدَ اللّٰہِ مُنْتَقِصَانِ

’’آپﷺ کے قرابت داروں سے محبت کی، اور آپ کے صحابہ کو گالیاں دیں، اللہ کی نگاہ میں دو متضاد چیزیں معیوب ہیں۔‘‘

فَکَأَنَّمَا آلُ النَّبِیِ وَ صَحْبُہُ رُوْحٌ یَضُمُّ جَمِیْعَہَا جَسَدَانِ

’’حالانکہ آلِ نبی اور آپ کے صحابہ سب دو جسم لیکن ایک جان ہیں۔‘‘

فِئَتَانِ عَقْدُہُمَا شَرِیْعَۃُ أَحْمَدَ بِأَبِيْ وَأُمِّيْ ذَانِکَ الْفِئتَانِ

’’دونوں ہی جماعتیں شریعتِ محمدی سے مربوط ہیں، ان دونوں جماعتوں پر میرے ماں باپ قربان ہوں۔‘‘

فِئَتَانِ سَالِکَتَانِ فِيْ سُبُلِ الْہُدَی وَ ہُمَا بِدِیْنِ اللّٰہِ قَائِمَتَانِ

’’وہ دونوں جماعتیں ہدایت کے راستوں پر گامزن ہیں اور اللہ کے دین پر قائم ہیں۔‘‘

صفحہ 4 از 12